اسلامی جمعیت طالبات پاکستان کاسپریم کورٹ کی جانب سے طلبہ یونین بحال کرنے کے حکم کا خیر مقدم

اسلام آباد(صباح نیوز)سپریم کورٹ کی جانب سے تمام فیڈرل و صوبائی یونیورسٹیز  کو طلبہ یونین بحال کرنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔ اسلامی جمعیت طالبات پاکستان اس فیصلے کا خیرمقدم کرتی ہے۔

اس موقع پر ناظمہ اعلی اسلامی جمعیت طالبات پاکستان نے اپنے بیان میں کہا کہ سپریم کورٹ کی جانب سے طلبا یونین کی بحالی پاکستان کے مستقبل کی تشکیل کے لئے ایک سنگِ میل ہے۔ طلبا یونین کی بحالی کے متعلق ماضی میں بھی فیصلے ہوئے ہیں مگر یونین کے الیکشن اور فیصلے پر عملدرآمد کے حوالے سے مزید کوئی پیش رفت ہوتی نہیں دکھائی دی۔

طلبا یونین، طلبہ و طالبات کا آئینی اور جمہوری ادارہ ہے جو ان کے مسائل حل کرنے، جامعات میں مثبت ہم نصابی سرگرمیوں کو فروغ دینے، طلبا کی صلاحیتوں کو نشونما دینے اور قوم کیلئے آئندہ کے لیڈرز تیار کرنے کا اہم کام سرانجام دیتی ہے۔ ہم تمام طلبا کو اس فیصلے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں اور حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری طور پر طلبہ یونین کے اصول و ضوابط جاری کئےجائیں اور یونین کے انتخاب کے مرحلے کو جلد از جلد ممکن بنایا جائے۔