اسلام آباد (صباح نیوز)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے باجوڑ میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو شاندار خراج تحسین پیش کیا ہے ۔ انہوں نے 9 دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی تعریف کی۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ 9 خوارجی دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچانے والے سکیورٹی اہلکاروں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے بہادری کے ساتھ دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا جس پر پوری قوم کو ان پر فخر ہے۔ وزیر داخلہ نے سکیورٹی فورسز کو ایک اور کامیاب آپریشن پر مبارکباد دی اور کہا کہ دہشتگردوں کے خاتمے کے لئے پوری قوم سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔