اسلام آباد(صباح نیوز)صدر آصف علی زرداری نے انقرہ میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کی ہے جس کے نتیجے میں قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا۔اپنے جاری بیان میں انہوں نے غم کی اس گھڑی میں ترک حکومت اور عوام کے ساتھ گہری تعزیت کا اظہار کیا۔ صدر نے کہا کہ پاکستان مشکل کی اس گھڑی میں ترک بہن بھائیوںکے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے۔
انہوں نے مزید کہا، “ہم اس بزدلانہ حملے میں اپنی جانیں گنوانے والوں کے خاندانوں کے ساتھ گہری تعزیت کا اظہار کرتے ہیں، اور ہم زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں”۔صدر نے کہاکہ دہشت گردی اپنی تمام شکلوں اور مظاہر میں ایک عالمی خطرہ ہے اور پاکستان نے دہشت گردی کی لعنت کو برداشت کرتے ہوئے ایسی وحشیانہ کارروائیوں سے ہونے والے درد اور تکلیف کو سمجھا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دہشت گرد امن اور انسانیت کے دشمن ہیں، انہوں نے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے اور تمام اقوام کے محفوظ مستقبل کو یقینی بنانے کے لیے عالمی برادری کی جانب سے مشترکہ کوششوں کی ضرورت کا اعادہ کیا۔