ملتان(صباح نیوز)ملتان میں ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان کر کٹ ٹیم نے انگلینڈ کو 152 رنز سے شکست دیکر تین میچوں کی سیریز ایک ایک سے برابر کر دی۔
پاکستان نے ملتان میں کھیلے جانے والا دوسرا کر کٹ ٹیسٹ میچ جیت لیا، نعمان اور ساجد خان نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کیا۔انگلینڈ نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 36 رنز سے اپنی دوسری اننگز کا آغازکیا۔ آغاز میں ہی انگلینڈ کی ٹیم کو ایک نقصان اٹھانا پڑ گیا، 37 کے مجموعی اسکور پر انگلینڈ کی تیسری وکٹ اولی پوپ کی گری، وہ 22 رنز بنا کر ساجد خان کی گیند پر ان ہی کے ہاتھوں کیچ آٹ ہوئے۔ساجد خان 24 سال بعد ہوم گراؤنڈ پر 5 یا اس سے زائد وکٹیں لینے والے آف اسپنر بن گئے انگلینڈ کا مجموعی اسکور 44 ہوا تھا کہ جوروٹ 18 رنز بنا کر نعمان علی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔
انگلینڈ کی پانچویں وکٹ 78 رنز کے اسکور پر گری، ہیری بروک نے 16 رنز بنائے اور نعمان علی نے انہیں ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔جیمی اسمتھ بھی نعمان علی کا شکار بنے، انہوں نے چھ رنز بنائے، نعمان علی کی گیند پر شان مسعود نے ان کا کیچ تھاما، ساتویں وکٹ 125 کے مجموعی اسکور پر گری، بین اسٹوکس 37 رنز بنا کر بنا کر آٹ ہوئے، انہیں محمد رضوان نے نعمان علی کی گیند پر اسٹمپ آؤٹ کیا۔انگلینڈ کی پوری ٹیم 144 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، پاکستان نے ٹیسٹ میچ 152 رنز سے جیت لیا۔نعمان علی نے 11 اور ساجد خان نے 9 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، ساجد خان نے پہلی اننگز میں 7 اور دوسری اننگز میں 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ نعمان علی نے پہلی اننگز میں تین اور دوسری اننگز میں آٹھ وکٹیں حاصل کیں۔