ایس سی او  کانفرنس پاکستان کیلئے گیم چینجر ثابت ہوگی،عطا اللہ تارڑ


اسلام آباد(صباح نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کانفرنس پاکستان کیلئے گیم چینجر ثابت ہوگی، معاشی اور علاقائی روابط کو فروغ ملے گا۔

شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کی تیاریوں کے حوالے سے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے  عطا اللہ تار ڑ نے کہا  کہ پاکستان اہم ایونٹ ایس سی او کی میزبانی کرنے جا رہا ہے، ایس سی او کے لئے اسلام آباد کو خوبصورتی سے سجایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کانفرنس علاقائی تعاون کے حوالے سے اہم فورم ہے، شنگھائی تعاون تنظیم کانفرنس پاکستان کیلئے گیم چینجر ثابت ہوگی، اس سے معاشی اورعلاقائی روابط کو فروغ ملے گا، ایس سی او سمٹ کی سائیڈ لائن پر سربراہان مملکت کی دوطرفہ ملاقاتیں بھی ہوں گی، پاکستان خطے میں تجارت اور امن کے فروغ کیلئے پرعزم ہے، تجارت اور سرمایہ کاری کے حوالے سے آزادانہ پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان بین الاقوامی سطح پر ابھر رہا ہے، ملائیشیا کے وزیراعظم کا کامیاب دورہ رہا، دورے میں دوطرفہ تعلقات، سرمایہ کاری اور تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال ہوا، ملائیشیا کے وزیراعظم نے پاکستانی برآمدات بڑھانے کا یقین دلایا، چاول، حلال گوشت سمیت برآمدات سے دونوں ممالک کے تعلقات مضبوط ہوں گے۔عطا تارڑ نے کہا کہ سعودی وزیر سرمایہ کاری کی سربراہی میں وفد نے پاکستان کا کامیاب دورہ کیا، سعودی فرمانروا شہزادہ محمد بن سلمان نے پاکستان کے ساتھ تجارت بڑھانے میں دلچسپی ظاہر کی، سعودی عرب کے ساتھ 2.2 ارب ڈالر کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے گئے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ملک میں مہنگائی کم ہو کر 6.9 فیصد پر آگئی ہے، تجارتی خسارے میں مسلسل کمی آئی ہے جبکہ ہماری برآمدات میں 14فیصد اضافہ ہوا ہے۔عطا اللہ تارڑ نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف کا دورہ تاجکستان انتہائی مفید رہا، چینی وزیراعظم کا دورہ پاکستان سی پیک کے حوالے سے گیم چینجر ثابت ہوگا، سی پیک کے دوسرے مرحلے میں اچھی پیشرفت ہو رہی ہے۔