ایس سی او اجلاس،چینی وزیراعظم  کل پاکستان پہنچیں گے،دفتر خارجہ


اسلام آباد(صباح نیوز)شنگھائی تعاون اجلاس میں شرکت کیلئے چین کے وزیراعظم لی کیانگ چار روزہ دورے پر  کل پاکستان پہنچیں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے  کہ چین کے وزیر اعظم لی کیانگ وزیراعظم شہبازشریف کی دعوت پر دورہ کررہے ہیں،چینی وزیر اعظم 17 اکتوبر تک پاکستان میں قیام کریں گے، چینی وزیر اعظم کے ہمراہ تجارت، خارجہ،قومی ترقی اور اصلاحاتی کمیشن کے وزرا بھی ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ وفد میں چائنہ انٹرنیشنل ڈویلپمٹچ کارپوریشن ایجنسی اور دیگر اعلیٰ حکام شامل ہوں گے، لی کیانگ اور شہباز شریف کے درمیان وفود کی سطح پر سی پیک، معاشی تعاون اور دوطرفہ تجارت پر بات ہو گی، ملاقات میں علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا  کہ چین کے وزیراعظم صدر مملکت آصف علی زرداری، پارلیمانی لیڈروں اور اعلیٰ عسکری قیادت سے بھی ملیں گے، لی کیانگ شنگھائی تعاون تنظیم کی کانفرنس میں بھی شرکت کریں گے۔