ہماری سیاست ملکی وقار اور سالمیت سے اوپر نہیں،مصطفی کمال


کراچی(صباح نیوز)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما مصطفی کمال نے کہا ہے کہ ہماری سیاست اور شکایات ملک کے وقار اور سالمیت سے اوپر نہیں، پی ٹی آئی کا 15 اکتوبر کے احتجاج کا اعلان ملک کے مفاد میں نہیں۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصطفی کمال نے کہا کہ  نعرہ آپ نے لگادیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نہیں تو پاکستان نہیں، ہم بھی نعرے لگاتے تھے منزل نہیں رہنما چاہیے، ہم بھی پاگلوں کی طرح لگے ہوئے تھے۔ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصطفی کمال نے کہا کہ رہنما کو چاٹنا ہے ہمیں اگر منزل نہ ملے، ہمیں منزل چاہیے بھائی، جب سے حکومت گئی بانی پی ٹی آئی  نے ریاستی ادارے کو ڈائریکٹ ہٹ کیا ہے، پی ٹی آئی پر اینٹی سٹیٹ ہونے کا الزام لگتا ہے ، 15 اکتوبر کو احتجاج کی کال سے اس الزام کو تقویت ملتی ہے، پی ٹی آئی نے 15 اکتوبر کو ڈی چوک پر احتجاج کا اعلان کیا ہے۔

مصطفی کمال نے کہا کہ سیاست سے اختلاف نہیں، احتجاج سیاست کا حصہ ہے، ہماری سیاست اور شکایات ملک کے وقار اور سالمیت سے اوپر نہیں، ملک ہے تو ہماری سیاست ہے، جمہوریت ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک اور ادارے ہیں تو ہم چین سے سانس لے رہے ہیں، کسی ملک کی فوج کو ختم کردیا تو ان ممالک کے حالات ہم نے دیکھے ہیں، پاکستان کا معاشی مسئلہ کسی سے چھپا ہوا نہیں، حکومت اور ریاستی ادارے معاشی حالات بہتر بنانے کیلئے کام کر رہے ہیں۔مصطفی کمال نے کہا کہ پی ٹی آئی کا 15 اکتوبر کے احتجاج کا اعلان ملک کے مفاد میں نہیں، ریڈزون کو سکیورٹی زون قرار دے کر سکیورٹی نے حصار میں لے لیا ہے ، سیاست سے ہمیں کوئی اختلاف نہیں، احتجاج جمہوریت کا حصہ ہے۔

مصطفی کمال نے کہا کہ پاکستان میں اندرونی طور پر ایک جنگ مسلط کر دی گئی ہے، پی ٹی آئی نے جمہوریت کا نام دے کر احتجاجی مہم کو پاکستان کے خلاف استعمال کرنا شروع کر دیا ہے، ریاست اور اداروں کو کھوکھلا کرنے کی اجازت کسی کو نہیں، آپ اسرائیل کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں، تاریخ میں پہلی بار اسرائیل کے اخباروں میں کسی لیڈر کی تعریف میں آرٹیکل لکھے گئے۔انہوں نے کہا کہ ماننا پڑے گا ملک میں میکرو اکنامک استحکام آیا ہے، ڈالر ایک جگہ رک گیا ہے، ہم مہنگائی میں سنگل ڈیجٹ پر آگئے ہیں، آج کے دور میں یہ روشنی کی کرن ہے، آئی ایم ایف کے ساتھ نیا معاہدہ ہوچکا ہے، گزشتہ دنوں دوست ممالک سے سرمایہ کاری کیلئے وفد آنا شروع ہوگئے ہیں، استحکام کا ایک سلسلہ چل پڑا ہے۔انہوںنے کہا کہ اس ماہ اسلام آباد میں شنگھائی تعاون تنظیم کا سربراہی اجلاس ہو رہا ہے، مختلف ممالک کے وفود پاکستان آئیں گے، ملک دنیا کی نظروں میں ہوگا، دنیا بھر کے سرمایہ کار پاکستان کو دیکھ رہے ہوں گے، بیرون ملک اور لوکل کا پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے اعتماد بڑھے گا۔انہوں نے کہا کہ  فلسطینیوں اور کشمیریوں کیلئے پاکستان ہی آخری امید ہے۔