مظفرآبا د(صباح نیوز)معروف برطانوی تعلیمی جریدے ٹائمز ہایئر ایجوکیشن کی جانب سے مرتب کردہ عالمی درجہ بندی میں آزادجموں وکشمیر یونیورسٹی مظفرآبادریاستی جامعات میں پہلی، قومی جامعات میں 35ویں جبکہ بین الاقوامی جامعات میں 1201-1500کی درجہ بندی میں شامل کرلی گئی۔
جامعہ کشمیر کے شعبہ تعلقات عامہ سے جاری ہونے والی ایک پریس ریلیز کے مطابق حال ہی میں ٹائمز ہائیرایجوکیشن نے اپنی سالانہ ورلڈ رینکنگ جاری کی ہے جس میں تمام جامعات کی کاکردگی کو تدریس،تحقیقی ماحول،معیاری تحقیقی،انڈسٹریل روابط اور بین الاقوامی تناظر کے معیارپر جانچا گیا۔جامعہ کشمیرنے اپنے بہترین تعلیمی ڈھانچے،جدیدایکویپمنٹس سے مزین لیبارٹریزو دیگر تعلیمی سازوسامان،معیاری تحقیق و تدریس کی بدولت ریاستی،قومی اور بین الاقوامی جامعات میں اعلیٰ مقام حاصل کیا ہے۔ٹائمز ہائیرایجوکیشن کی ورلڈ رینکنگ کے مطابق یونیورسٹی آف آزادجموں وکشمیر مظفرآبادریاستی جامعات میں تدریس،تحقیقی ماحول،معیار تحقیق،انٹرنیشنل آئوٹ لک کے تمام عشاریوں میں سرفہرست رہی جبکہ قومی سطح پر معیار تدریس میں 34ویں،تحقیقی ماحول میں 28ویں،معیار تحقیق میں 33ویں،انڈسٹریل روابط میں 41ویں اور انٹرنیشنل تناظر میں 23ویں پوزیشن حاصل کی۔اسی طرح دنیا بھر کی جامعات میں جامعہ کشمیر انٹرنیشنل آئوٹ لک میں 899ویں،معیار تحقیق میں 921ویں جبکہ تحقیق ماحول کی فراہمی میں 1572ویں نمبر پر رہی۔
جامعہ کشمیر کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی نے یونیورسٹی کو حاصل ہونے والی کامیابی پر اساتذہ، طلبا، ملازمین اور المنائی کمیونٹی کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ مالی وسائل کی کمی کے باوجود ادارہ نے ماضی قریب میں کئی شاندار کامیابیاں حاصل کی ہیں اور ٹائمز ہائیرایجوکیشن کی حالیہ درجہ بندی بھی اس میں شامل ہے۔اپنے تبصرہ میں رئیس جامعہ نے کہا کہ یونیورسٹی آف آزادجموں وکشمیر نے پہلی دفعہ ٹائمز ہائیرایجوکیشن کی درجہ بندی میں حصہ لیا اور عالمی سمیت قومی جامعات میں باعزت مقام حاصل کیا جس کا کریڈٹ اساتذہ کو جاتا ہے جن کی شب و روز محنت سے یہ مقام حاصل ہوا۔انہوں نے کہا اس کامیابی کے پیچھے معیاری تحقیق کے فروغ میں جامعہ کے ڈاکٹریٹ اور ایم فل اور ایم ایس پروگرامز کے سکالرز کا بھی کلیدی کردار ہے جنہوں نے فیکلٹی کے زیرسایہ معیاری تحقیقی عمل کو پروان چڑھانے میں انتھک کاوشیں کیں۔
پروفیسر ڈاکٹر کلیم عباسی نے جامعہ کے کوالٹی انہانسمنٹ سیل کی ٹیم،یونیورسٹی انتظامیہ اورسٹاف کے کردارکو بھی سراہا جو ادارہ کی ترقی میں بڑھ چڑھ کرحصہ لے رہے ہیں۔انہوں نے اس امر پر مسرت کا اظہار کیا کہ جامعہ کشمیرمیں معیارتدریس و تحقیق بتدریج بہتر ہوتا چلا آرہا ہے جس کا قومی و بین الاقوامی ادارے گاہے بگائے اپنی رپورٹس میں تذکرہ کرتے چلے آرہے ہیں۔پروفیسر ڈاکٹرمحمد کلیم عباسی نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب یونیورسٹی آف آزادجموں وکشمیر عالمی جامعات کی درجہ بندی میں پہلی پانچ سوجامعات اور قومی سطح پر ٹاپ کی دس جامعات میں اپنی جگہ بنالے گی جس کے لیے جامعہ کشمیر کی فیکلٹی،انتظامیہ اور جملہ سٹاف کو اپنی بھرپورتوانائیوں کا استعمال کرنا ہوگا۔جامعہ کشمیر میں معیاری تعلیم وتحقیق کے لیے بہترین بنیادی ڈھانچے کی فراہمی پر برادرملک سعودی عرب کی خدمات کی بھی خصوصی تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سعودی فنڈ فارڈویلپمنٹ کی فراخدلانہ معاونت سے اس وقت کنگ عبداللہ کیمپس کو پاکستان بھر کی جامعات کے قائم ہونے والے کیمپسز میں منفرد مقام حاصل ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹائمز ہائیرایجوکیشن کی رینکنگ میں نمایاں مقام کا حصول ہمارا حدف نہیں بلکہ نقطہ آغاز ہے، اگر حکومت جامعہ کشمیر کی بھرپورسرپرستی کرے تو یہ یونیورسٹی ریاستی اور قومی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔