پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ، سینیٹ میں اپوزیشن کا شدید احتجاج


اسلا م آباد(صباح نیوز) ملک میں بڑھتی مہنگائی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف سینیٹ میں اپوزیشن نے شدید احتجاج کیا، چیئرمین کے ڈائس کا گھیراو اور نعرے بازی بھی ہوئی۔

چئیرمین صادق سنجرانی کی زیر صدارت سینیٹ اجلاس میں اپوزیشن کے اصرار پر ایوان میں معمول کی کارروائی معطل کر کے مہنگائی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر بحث ہوئی۔قائد حزب اختلاف یوسف رضا گیلانی ،سینیٹر مشتاق،کامل آغا،بہرہ مند تنگی اور دیگر نے کہا کہ جن لوگوں کو معیشت کی اے بی سی معلوم نہیں وہ اسٹیٹ بینک میں بیٹھے ہیں،یہ ملک آئی ایم ایف کا نہیں، ملک میں مہنگائی کا سونامی ہے، آئی ایم ایف کے ایما پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کررہے ہیں۔

اپوزیشن نے وزیراعظم کا ریلیف پیکج مسترد اور فراڈ قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوام سے دھوکہ کیا گیا ،حکمران پروٹوکول انجوائے کر رہے ہیں، عوام کی فکر نہیں ہے جبکہ انہوں نے مزیدکہا کہ حکمران عوام کا خون چوس رہے ہیں۔

قائد ایوان ڈاکٹر شہزاد وسیم نے اپوزیشن کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ پر کہا تھا عرب ممالک نے پیٹرول کی قیمتیں بڑھا دی تو میں کیا کروں ہم یہ نہیں کہتے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھی ہیں اور ہم کیا کریں۔

قائد ایوان نے جب سرے محل اور ایون فیلڈ کا تذکرہ کیا تو پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن)کے اراکین پھٹ پڑے، ایوان میں نعری بازی اور شور شرابہ کیا گیا۔مچھلی منڈی کا منظر پیش کرتی صورتحال کو چیئرمین سینیٹ نے کنٹرول کرنے کی کوشش کی تاہم اپوزیشن کے اراکین نے واک آوٹ کیاتاہم کورم مکمل نہ ہونے پر اجلاس پیر کی سہ پہر ساڑھے 4بجے تک ملتوی کر دیا