سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے مصر کے سفیر ڈاکٹر ایہاب عبدالحمید حسن کی ملاقات

اسلام آباد(صباح نیوز)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے مصر کے سفیر ڈاکٹر ایہاب عبدالحمید حسن نے ملاقات کی۔ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہارکیاگیا۔سپیکر میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق اس موقع پر سپیکر نے مشرقی وسطی میں بگڑتی صورتحال پر تشویش کا اظہارکیا۔

انہوں نے فلسطین اور لبنان میں اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مشرق وسطی میں فوری جنگی بندی خطے میں امن کے قیام کے لئے ناگزیر ہے۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان مصر کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے،پاکستان اور مصر کے مابین برادرانہ تعلقات مذہب اور باہمی اعتماد و احترام کی مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں۔

ڈاکٹر ایہاب عبدالحمید حسن نے کہاکہ مصر پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لئے پارلیمانی سفارتکاری انتہائی اہمیت کی حامل ہے،دونوں ممالک کی پارلیمان کے درمیان پارلیمانی رابطوں دونوں اقوام کو قریب لانے میں معاون ثابت ہوں گے۔قومی اسمبلی نے کہا کہ پارلیمانی وفود کے تبادلوں سے دونوں ممالک کے اراکین کو ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہونے کے مواقع فراہم ہوں گے،

دونوں ممالک کی پارلیمانوں میں قائم پارلیمانی فرینڈ شپ گروپ پارلیمانی روابط کو فروغ ملے گا۔سپیکر قومی اسمبلی نے اپنے مصری ہم منصب کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔مصر کے سفیر نے سپیکر کی دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمانی رابطوں میں اضافہ دو طرفہ تعلقات کو مزید وسعت میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔