اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان اور ملائیشیا نے تجارت، معیشت، بینکنگ سیکٹر، فوڈ ٹیکنالوجی اور زراعت کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ دونوں ممالک نے دوطرفہ اہمیت کے امور پر تعاون پر بھی اتفاق کیا۔اِن خیالات کا اظہار ایوان صدر میں صدر آصف علی زرداری اور پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم کے درمیان ملاقات کے دوران کیا گیا۔ اجلاس میں نائب وزیراعظم/وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی، ایم این اے بلاول بھٹو زرداری، وزیر تجارت جام کمال خان، سینیٹر شیری رحمان اور اعلی سرکاری حکام نے بھی شرکت کی۔ ملائیشیا کے وزیراعظم کا خیرمقدم کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان ملائیشیا کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملائیشیا کے وزیراعظم کے دورے سے دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔ انہوں نے غزہ کی موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا کیا کہ وہ اسرائیل کو فلسطینی عوام کے خلاف نسل کشی اور مظالم کے ارتکاب سے روکنے کے لیے اقدامات کرے۔ ملائیشیا کے وزیراعظم نے صدر کو بتایا کہ ان کی وزیراعظم محمد شہباز شریف سے بہت اچھی بات چیت ہوئی۔ بعد ازاں، ایک خصوصی تقریب کے دوران، صدر آصف علی زرداری نے ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم کو اسلامی دنیا کے مفاد کے لیے حمایت اور پاکستان کا اچھا دوست ہونے کے اعتراف میں نشان پاکستان کا ایوارڈ دیا۔ تقریب کے دوران اس امر کو اجاگر کیا گیا کہ ملائیشیا کے وزیر اعظم علامہ اقبال کو پڑھنے کے شوقین ہیں۔ وزیر اعظم انور ابراہیم اپنے پورے سیاسی کیرئیر میں اِنسانیت اور اسلامی اقدار کے حامی رہے ہیں۔ انہوں نے سماجی انصاف کو فروغ دینے اور عالم اسلام کو متاثر کرنے والے عالمی مسائل سے نمٹنے کے لیے کام کیا ہے۔ وہ خود ارادیت کی تحریکوں کے حامی بھی رہے ہیں اور خاص طور پر پوری دنیا میں ظلم کے خلاف کھڑے رہے ہیں۔ وہ مختلف ثقافتوں اور مذاہب کے درمیان تفہیم اور احترام کو فروغ دے کر بین المذاہب ہم آہنگی پیدا کرنے اور اسلامو فوبیا کا مقابلہ کرنے کے لیے انتھک محنت جاری رکھے ہوئے ہیں۔ تقریب میں وزیراعظم محمد شہباز شریف، وفاقی وزرا، سروسز چیفس، سفارتکاروں اور اعلی سرکاری حکام نے شرکت کی۔ صدر مملکت نے ملائیشیا کے وزیر اعظم اور ان کے وفد کے اعزاز میں ایک سرکاری عشائیہ بھی دیا۔