مفتی منیب الرحمن کی ”الاقصیٰ ملین مارچ ”کی مکمل حمایت کا اعلان ، عوام سے شرکت کی اپیل

کراچی(صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے غزہ میں اسرائیلی دہشت گردی و جارحیت کے ایک سال پورے ہونے اوراہل غزوہ و لبنان سے اظہار یکجہتی کے لیے اتوار6اکتوبر کوشام 3بجے شاہراہ فیصل پر ہونے والے عظیم الشان و تاریخی ”الاقصیٰ ملین مارچ” کے سلسلے میںمہتمم دارالعلوم نعیمیہ و مفتی اعظم پاکستان مفتی منیب الرحمن سے ان کے مدرسے میں ملاقات کی اور مارچ میں شرکت کی دعوت دی۔ ملاقات میں نائب امیرمسلم پرویز،ناظم اعلیٰ جمعیت اتحاد العلماء کراچی مولانا عبد الوحید،جماعت اسلامی کے ٹاؤن چیئرمین گلبرگ نصرت اللہ ،سینئر ڈپٹی سکریٹری اطلاعات صہیب احمد ودیگر بھی موجود تھے۔ مفتی منیب الرحمن نے منعم ظفر خان کا خیر مقدم کیا ، مارچ کی پرزور حمایت کا اعلان کیا اور عوام سے بھرپورشرکت کی اپیل کی اور کہاکہ اسرائیل غزہ کے مسلمانوں پر ظلم کررہا ہے،اہل غزہ و فلسطین سے اظہار یکجہتی ہمارا دینی ، ملی ،قومی اور ایمانی فریضہ ہے ۔

امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے مفتی منیب الرحمن کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ اسرائیل امریکا کی پشت پناہی سے درندہ بن چکا ہے اورغرور میں مبتلا ہے، غزہ میں خونی کھیل ایک سال سے جاری ہے، ایسے حالات میں اہل کراچی اہل غزہ کے ساتھ ہیں۔ایک سال سے زائد عرصہ گزرچکا ہے اس کے باوجود اہل غزہ جرات و استقامت کے ساتھ اسرائیل کے خلاف ڈٹے ہوئے ہیں ، اسرائیل نے حماس کے سربراہ اسماعیل ہانیہ کو بھی شہید کردیا لیکن فلسطینیوں کے حوصلے پست نہیں ہوئے ہیں ،امت مسلمہ کے عوام اہل غزہ و فلسطین کے مسلمانوں کی پشت پر کھڑے ہیں ، بد قسمتی سے عالم اسلام کے حکمرانوں کو جو کردار ادا کرناچاہیئے تھا وہ انہوں نے نہیں کیا۔حکمرانوں کی بزدلی اور بے حمیتی نے ہی اسرائیل کو اتنی ہمت اور طاقت دی ہے کہ اب وہ اپنی جارحیت اور دہشت گردی کا دائرہ وسیع کررہا ہے اور لبنان میں حملہ کر کے اس نے حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ کو بھی شہید کردیا ۔

اسرائیل نے گزشتہ ایک سال میں تقریباً45ہزار سے زائد فلسطینیوں کو شہید کردیا ہے جن میں 32ہزار سے زائد بچے اور خواتین شامل ہیں ، غزہ کو ملبے کا ڈھیر بنادیا ہے ،ہسپتالوں، اسکولوں اور پناہ گزین کیمپوں کو مسمار کردیا گیا ہے لیکن اس سب کے باوجود اسرائیل اہل غزہ و فلسطین کے لوگوں کے حوصلے نہیں توڑ سکا۔ اہل غزہ نے ثابت کردیا کہ مزاحمت میں ہی زندگی ہے ،وہ قبلہ اول اور مسجد اقصیٰ کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کو قربان کرنے کے لیے تیار ہیں لیکن جھکنے کے لیے تیار نہیں ہیں ۔مفتی منیب نے کہا کہ سوئے ہوئے ضمیر کو تو جگایا جا سکتا ہے، مردہ ضمیر کو کیسے جگایا جائے گا؟ ہم ایک فرعونیت، نمرودیت اور منافقت کے دور سے گزر رہے ہیں۔اسرائیل غزہ کے مسلمانوں کو شہید کررہا ہے،غزہ کے مظلوم و نہتے مسلمان اپنا دفاع کررہے ہیں کیونکہ اسرائیل ایک جارح اور دہشت گرد ریاست ہے لیکن افسوس کہ اسرائیلی جارحیت اور دہشت گردی کو لگام دینے کے بجائے اس کی سرپرستی کی جارہی ہے اور مسلمانوں کو دہشت گرد قراردیاجارہا ہے ۔