راولپنڈی(صباح نیوز)وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے منگل کو نوشکی بلوچستان کا دورہ کیا اس موقع پر انہوں نے جوانوں سے ملاقات کی اور شہدا کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نوشکی کا دورہ کیا، اس موقع پر گورنر، وزیراعلی بلوچستان اور وفاقی اور صوبائی وزرا بھی ہمراہ موجود تھے، اس موقع پر وزیراعظم کو علاقے کی سیکیورٹی صورتحال پرتفصیلی بریفنگ دی گئی ،وزیراعظم عمران خان نے جوانوں سے ملاقات کی اور شہد ء اور ان کے خاندانوں کو پاکستان کے لئے قربانیاں دینے پر بھرپور خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیراعظم نے جوانوں کی آپریشنل تیاریوں اور جرات وبہادری کو سراہا،جن کی وجہ سے دہشت گردوں کے حملوں کو پسپا کیا گیا،وزیر اعظم نے بلوچستان میں ترقیاتی عمل کوسبوتاژ کرنے کی کوشش میں دہشت گردوں کے باقیات کو ختم کرنے کے لئے مسلح افواج کی حمائت سے متعلق قومی عزم کا اعادہ کیا،
انہوں نے کہاکہ جامع قومی کوشش ،وفاق اور صوبائی حکومتوں کے درمیان تعاون اور مسلح افواج کی معاونت سے ہم بلوچستان کی اصل صلاحیت کو سامنے لائیں گے۔بعد میںوزیراعظم عمران خان نے علاقے کے قبائلی عمائدین سے بھی بات چیت کی اور دہشت گردی کے خلاف اور بلوچستان میںخوشحالی و ترقی کے لئے اٹھائے گئے حکومتی اقدامات میں ان کے تعاون کو سراہا۔
انہوں نے جرگہ ممبران کو یہ یقین دہانی کرائی کہ بلوچستان میں ترقیاتی منصبوبوں کی بروقت تکمیل کے لئے مخلصانہ حمائت جاری رہے گی ،وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور پاکستان کے مسقبل کیلئے اہم ہے۔