شہدا جموں کی عظیم و تاریخی قربانی کو کبھی فراموش نہیں جاسکتا،غازی منظور احمد


سرینگر  (صباح نیوز) مقبوضہ کشمیر میں مسلم کانفرنس جموں کشمیر کے چیرمین غازی منظور احمد نے شہدائے جموں کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہدا جموں کی عظیم و تاریخی قربانی کو کبھی فراموش نہیں جاسکتا، دہائیوں سے جاری بھارتی مظالم کشمیریوں کے جذبے کو دبانے میں ناکام رہے ہیں ،کامیابی کشمیریوں کا مقدر ہے

یوم شہدائے جموں کے موقع پر اپنے بیان میں غازی منظور نے کہا کہ تقسیمِ برصغیر کے دوران مسلم اکثریتی علاقے جموں کی عوام کو آزادی کی حمایت کی پاداش میں ڈوگرہ مہاراجہ کے مظالم کا سامنا کرنے کے باوجود کشمیری اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹے، نتیجے میں نومبر 1947 کے آغاز میں آزاد خطے پاکستان بھیجے جانے کا جھانسہ دیکر لاکھوں نہتے مرد، خواتین اور بچوں کو شہید کر دیا اکتوبر کے آخری ہفتے اور 5، 6 نومبر 1947 کے دلدوز واقعات تاریخ انسانیت کے سیاہ باب ہیں جب تین لاکھ مسلمانوں کو بھارتی فوج اور آر ایس ایس کے غنڈوں نے تہہ تیغ کیا۔

غازی منظور نے شہدائے جموں کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان شہدا کے لہو کا ایک قطرہ معاف کیا جانا ممکن نہیں اور نہ ہی فراموش کیا جاسکتا سانحہ جموں کی خونین تاریخ نے 80 فیصد مسلم اکثریتی جموں کو اقلیت میں تبدیل کردیا اور اب بھارت سرکار جموں طرز پر وادی کشمیر میں بھی عمل پیرا ہے لیکن دہائیوں سے جاری بھارتی مظالم کشمیریوں کے ناقابل تسخیر جذبے اور جدوجہد آزادی کو دبانے میں ناکام رہے ہیں اور کامیابی کشمیریوں کا مقدر ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں مہلک ہتھیاروں کا بے دریغ استعمال کر رہا ہے جس کی بدولت جنت نظیر کشمیر قیامت صغری کا منظر پیش کررہا ہے عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں کا نوٹس لینا چاہیے اور بھارت پر دبائو ڈال کر اقوام متحدہ کی منظور شدہ قرار دادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے تاکہ کشمیری عوام کو سکھ کے میسر ہوسکی