پاکستان اور سعودی عرب کو افغانستان کے حالات پر ایک جیسے تحفظات ہیں، ڈاکٹر عارف علوی


اسلام آباد(صباح نیوز)صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کو افغانستان کے حالات پر ایک جیسے تحفظات ہیں۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نائف نے ملاقات کی جس میں پاکستان اور سعودی عرب کا باہمی دلچسپی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے کا اعادہ کیا گیا۔

صدر مملکت نے او آئی سی کے 17 ویں غیر معمولی اجلاس میں شرکت پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا۔صدر مملکت نے کورونا کے دوران 20 لاکھ سے زائد پاکستانیوں کی میزبانی کرنے پر سعودی عرب کے اقدام کو سراہا۔اس موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ برادر ممالک کے مابین بہترین تعلقات کو باہمی مفاد کیلئے مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے، امید ہے کہ سعودی حکومت سزا پوری کرنے والے پاکستانی قیدیوں کی رہائی پر غور کرے گی۔

صدر مملکت نے روڈ ٹو مکہ پائلٹ پراجیکٹ شروع کرنے پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان روڈ ٹو مکہ منصوبے کی ملک کے دیگر شہروں تک توسیع کی منتظر ہے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کو افغانستان کے حالات پر ایک جیسے تحفظات ہیں، عالمی برادری افغان عوام کو انسانی بحران سے بچانے کیلئے مدد کرے۔سعودی وزیر داخلہ نے کہا کہ دونوں ممالک کی ٹیکنیکل ٹیموں کی جانب سے پاکستانی قیدیوں کے معاملے کو حل کرنے کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔