بلوچستان کے عوام بنیادی انسانی حقوق ،روزگار ،تعلیم سے محروم ہیں ۔مولانا عبدالحق ہاشمی

کوئٹہ(صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاکہ اگر حق دوبلوچستان مہم ،ممبرسازی ،رابطہ عوام مہم کے ذریعے جماعت اسلامی کا دعوت گھر گھر پہنچانے کی جدوجہد جاری ہے ذمہ داران ارکان سمیت برادر تنظیموں وہرسطح کے عوام نے ساتھ دیاتو جماعت اسلامی کی قیادت میں بلوچستان کی محرومی ختم اور حقوق میسرہوگابلوچستان کے عوام بنیادی انسانی حقوق ،روزگار ،تعلیم سے محروم ان حالات میں بارڈروساحل کے کاروبار پر بھی پابندی لگ جائے تو کیا عوام حکمرانوں مقتدر قوتوں کو پھول پیش کریں گے دانستہ نادانستہ حالات کیوں خراب کیے جارہے ہیں طاقت کے استعمال ،آپریشن وفورسزاستعمال کرنے کے بجائے تعلیم وصحت کی سہولیات کیساتھ روزگارفراہم کیے جائیں لاپتہ افراد کو بازیاب کرکے سی پیک ودیگر پراجیکٹس کے ثمرات عوام کو فراہم کیے جائیں موٹروے ،میٹروبس ،گرین ریلوے لائن جیسی سہولیات وپراجیکٹس شروع کیے جائیں توعوا م کا غصہ ردعمل اوراحساس محرومی میں کمی آئیگی بصورت دیگر حالات کنٹرول سے باہرہوں گے ۔

انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے عوام ملک وقوم سے محبت کرنے والے ہیں بدقسمتی سے انہیں بنیادی انسانی حقوق تک میسرنہیں ۔وزیرستان ہو یابلوچستان جماعت اسلامی نے ہر محروم ومظلوم کیلئے آوازاخلاص ونیک نیتی کیساتھ ذمہ داری سمجھتے ہوئے ہرسطح پر اُٹھائی ۔مسلم حکمرانوں کی غلامی کی وجہ سے امت مسلمہ درپدر،وسائل واختیار ات سے محروم ،امریکہ اور اسرائیل کی غلامی کر رہے ہیں مسلم حکمران اور سپہ سالار امت مسلمہ کو یہودوہنودکی غلامی سے نکال سکتے ہیں ۔ بلوچستان کے عوام کے مسائل لاپتہ افراد،حقوق سے محرومی ،سی پیک ،گوادر ،ریکوڈک ،سیندک اورساحل وبارڈرٹرید کے ثمرات سے محرومی ہیں حکمرانوں کو بلوچستان کے عوام کو ہمسائیہ ممالک سے قانونی تجارت کی اجازت دینی چاہیے چمن بارڈر گیارہ مہینے بند ہونے کے بعد غلط بیانی جھوٹے وعدے وبے عمل اعلانات کی وجہ سے اب دوبارہ بند ہوگیا  ساحل پر ٹرالر مافیازکی وجہ سے مچھیرے ہڑتال واحتجا ج پر ،بارڈرزسے غیر ضروری بلاوجہ اور اشرافیہ کی سختیوں وبھتہ خوری کی وجہ سے مسائل وکشیدگی پائی جاتی ہے حکمران محبت ،اتحاد ،یکسوئی وبات چیت کے بجائے طاقت وزبردستی کا رویہ اپنا کر تعصب نفرت اور خلیج میں اضافہ کر رہے ہیں وسائل سے مالامال بلوچستان کے طلباء نوجوان زمیندار ،ملازمین ،تاجر سمیت ہر طبقہ متاثر ،احتجاج پراورپریشان ہیں۔

زرعی صوبہ آج حکمرانوں کی عدم توجہی کی وجہ سے بنجر بن گیا ہے ۔بجلی کی لوڈشیڈنگ قیمتوں میں اضافہ نے زراعت ومعیشت کو تباہ عوام کو نان شبینہ کے محتاج بنادیے ہیں تنخواہوں سے زیادہ بجلی کے بلز آرہے ہیں جو لمحہ فکریہ اور معاشی تباہی وبربادی ہیں۔ جماعت اسلامی بجلی قیمتوں ،ٹیکسز ،مہنگائی کے خلاف احتجاج کو کامیاب بنائیگی اور عوا م کو حقوق دلاکر رہے گی ہم نے ظالمانہ آئی پی پیز معاہدوں و سودوں کو بے نقاب کردیا ۔ حکمران اہل بلوچستان کوروزگار کی فراہمی ،کاروبار میں آسانی ،بارڈر اور ساحل پر کاروبار کرنے کیلئے آسانی اورسہولت دی جائیں بارڈر اور ساحل سمیت شاہراہوں پر بھی ناروالوٹ مار بھتہ خوری کی شکل میں ٹیکس نافذ ہے جس کی بدولت عوام وقومی خزانے کوثمرات ملنے کے بجائے کچھ لو گ غلط طریقے سے مستفید ہورہے ہیں ۔جماعت اسلامی ظلم وجبرناانصافی کے خلاف ہر فورم پرآوازبلند کر رہی ہے عوام جماعت اسلامی کی جدوجہد میں ہماراساتھ دیں