گوگل کا پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے نوجوانوں کی آئی ٹی تربیت کے لئے حکومت سے تعاون کا فیصلہ ، وزیراعظم کو ملاقات میں آگاہی

اسلام آباد (صباح نیوز) گوگل کے ایشیا پیسیفک ریجن کے صدرسکاٹ بیومونٹ کی قیادت میں گوگل کے 4 رکنی وفد نے   اسلام آباد میں وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی ۔2026 تک گوگل پاکستان میں 5 لاکھ کروم بکس تیار کرے گا جب کہ گوگل نے  پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے نوجوانوں کی آئی ٹی تربیت کے لئے حکومت سے تعاون کا فیصلہ  کیا ہے ۔ملاقات میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی معیشت ڈیجیٹائز یشن کی جانب گامزن ہے۔ اگلے پانچ سالوں میں 25 بلین امریکی ڈالرز کی برآمدات کے ہدف کو حاصل کرنے کے حکومتی منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ نوجوانوں کی تربیت، آئی ٹی انفراسٹرکچر کی بہتری ریگولیٹری نظام  کی بہتری کے لیے فنڈز مختص کیے گئے ہیں، پاکستان کی معیشت کو مکمل طور پر ڈیجیٹل کرنے کے حوالیسے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ وزیر اعظم نے معیشت کی ڈیجیٹائیزیشن کے حوالے سے گوگل جیسی بڑی آئی ٹی کمپنی کے تعاون کی خواہش کا اظہار کیا۔وزیراعظم نے پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت کو آگے بڑھانے میں گوگل کے کردار کو سراہا اور گوگل کے ان  اقدامات کی تعریف کی جن کی بدولت گزشتہ چند سالوں میں ہزاروں پاکستانیوں کی زندگیوں میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

وزیراعظم نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ گوگل نے صرف 2023 میں پاکستانی نوجوانوں کو 10 لاکھ کے قریب ملازمتیں حاصل کرنے کے قابل بنایا ہے جو کہ  ڈیجیٹل دنیا میں پاکستان کی صلاحیت اور پاکستان کے نوجوانوں کی ترقی و خوشحالی کے لیے گوگل کے عزم کا عکاس ہے.آئی ٹی کے حوالے سے حکومتی اقدامات کو سراہتے ہوئے  سکاٹ بیومونٹ نے کہا کہ گوگل نے پاکستان میں مزید سرمایہ کاری اور آئی ٹی کے شعبے نوجوانوں کی تربیت کے حوالے سے حکومت سے تعاون کا فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹیکنالوجی کا معاشی بہتری کے لئے استعمال ، نوجوانوں کی بڑی آبادی اور   تیزی سے بڑھتی ہوئی معیشت کا گوگل جیسی ٹیک کمپنی کے لیے اہم عوامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2026 تک گوگل پاکستان میں 5 لاکھ کروم بکس تیار کرے گا۔