مولانا فضل الرحمان آئینی ترامیم پر اپوزیشن سے مشاورت کر رہے ہیں۔عطااللہ تارڑ

اسلام آباد (صباح نیوز) وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ اتوارکی شام پارلیمینٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ آئینی ترامیم پر وسیع مشاورت کا سلسلہ جاری ہے،آئینی ترمیم کے لئے ایک ایک نقطے پر ماہرین کی رائے طلب کی جاتی ہے،وسیع تر سیاسی مشاورت مکمل ہونے تک آئینی ترامیم پر آگے بڑھنے میں تاخیر ہو جاتی ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومتی جماعتوں کے درمیان بھی مشاورت کا سلسلہ جاری ہے حکومتی اتحادی جماعتوں سے بات چیت جاری ہے ،مولانا فضل الرحمان اپوزیشن جماعتوں سے انہی آئینی ترامیم پر مشاورت کر رہے ہیں،مشاورت میں تمام جماعتوں کے قانونی ماہرین موجود ہیں۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ  پاکستان کی تاریخ کا ایک اہم موڑ ہے،چارٹر آف ڈیموکریسی کے اندر وعدہ کیا گیا تھا کہ انصاف کی فراہمی کو آسان بنایا جائے گا،ملک میں انصاف کا نظام بہتر کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، وزیر اطلاعاتان ترامیم سے ہر پاکستانی کی زندگی میں بہتری آئے گی،پارلیمنٹ آئین و قانون میں ترمیم کا حق رکھتی ہے،عوام نے اپنے ووٹوں سے منتخب کر کے ہمیں پارلیمنٹ میں بھیجا،یہ ہمارے فرائض میں شامل ہے کہ عوام کے مفاد میں ایسی قانون سازی کی جائے جس سے انہیں فائدہ پہنچے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ آئینی ترامیم کے حوالے سے مثبت اور مکمل مشاورت مکمل کرنے کی کوشش جاری ہے،ہماری کوشش ہے کہ جلد اس پر پیشرفت ہو جائے، میڈیا کو ہونے والی پیشرفت سے آگاہ کیا جائے گا،تاخیر کی وجہ صرف اور صرف مشاورت ہے، وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومتی وفد کی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات ہوئی ہے، پیپلز پارٹی کے وفد نے بھی ان سے ملاقات کی ہے، انصاف کے حصول کے لئے اچھا قدم اٹھایا گیا ہے تو اس کے حق میں آواز اٹھائی جانی چاہئے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ آئینی ترامیم پاکستان اور پاکستان کے عوام کے لئے ہیں،آئینی ترامیم سنجیدہ معاملہ ہے، اس میں تاخیر ہو سکتی ہے،سیر حاصل گفتگو ہو جائے تو اچھی بات ہے،مشاورت کے نتیجے میں اتفاق رائے پیدا ہو جائے تو اس میں بہتری ہے۔ انھوں نے کہا کہ کوشش ہے کہ عوام تک ترامیم کے حوالے سے اچھی خبر جائے،ہم سمجھتے ہیں کہ یہ ترامیم جب سامنے آئیں تو سب کو خوشی ہو،مشاورت کے نتیجے میں اچھی ان پٹ آتی ہے، قانونی ماہرین بہترین رائے سے آگاہ کرتے ہیں،جمہوریت کا دن بھی ہے، یہ جمہوریت کا حسن ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں اس مشاورت کا حصہ ہیں۔