عثمان بزدارپنجاب کے عوام پرعذاب،قوم ووٹ کی طاقت سے اپنی تقدیرلکھے،ڈاکٹرطارق سلیم


راولپنڈی ( صباح نیوز) امیرجماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاہے کہ پاکستان پرقابض آئی ایم ایف کی کٹھ پتلیوں اورعالمی شیطانوں کے غلاموں سے نجات کا وقت آگیا مسائل میں پسے عوام کوکرپٹ اشرافیہ اور40چوروں کے کپتان کے رحم وکرم پرنہیں چھوڑ سکتے ،چوہدری برادران ہرحکومت کا حصہ ہوتے ہیں لیکن اپنے ضلع سمیت اہل پنجاب کے مسائل حل کرنے کی بجائے اپنے درباریوں کونوازتے رہے قوم ووٹ کی طاقت سے اپنی تقدیرلکھے ،جماعت اسلامی نے پنجاب سے نااہل حکمرانوں اورباری کے بخارکی طرح باربارمسنداقتدارپرقابض ہوکرلوٹ مارکرنے والوں کے خلاف احتجاجی تحریک کا آغازکردیا، پارلیمنٹ میں موجود نام نہا د بڑی پارٹیوں کی لیڈرشپ صرف اپنی مراعات کے لیے قانون سازی پرمتحدہوتی ہے عوامی مسائل کے حل اورریلیف کے لیے کوئی قانون سازی نہیں ہوئی ۔

ان خیالات کااظہارانھوں نے پنجاب سے 101احتجاجی دھرنے کی آغازپرمنعقدہ عوامی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرامیرضلع سیدضیاء اللہ شاہ،ضلعی سیکرٹری ڈاکٹرخالدمحمودثاقب،امیرشہرچوہدری انصرمحموددھول ایڈووکیٹ،صدرجے آئی یوتھ پنجاب اویس اسلم مرزا، صدرجماعت اسلامی کسان بورڈپنجاب چوہدری صالح محمدرانجھا سمیت دیگرسیاسی ومذہبی رہنمائوں نے بھی اظہارخیال کیا ۔

صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل چوہدری عمران انور،صوبائی سیکرٹری اطلاعات انعام الحق اعوان سمیت دیگرذمہ داران اورمردوخواتین کی بڑی تعداداس موقع پر شریک ہوئی۔ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاکہ عثمان بزدارپنجاب کے عوام کیلئے عذاب ہے ،گلی محلے کے انتظامی معاملات کی صلاحیت نہ رکھنے والے شخص کوملک کے سب سے بڑے صوبے پرمسلط کردیا گیا جسے بیوروکریسی اورکرمنل مافیابندرکاتماشابنائے ہوئے ہے۔پاک چین دوستی کونئے پاکستان کے بھکاری پاکستان نے مذاق بناکررکھ دیا پوری دنیا سے بھیک مانگ کربھی بادشاہ ملامت اورمسخروں پرمبنی ان کی درباری فوج کاپیٹ نہیں بھررہا ،حالیہ چائنادورے میں وزیراعظم اوردرباریوں کا جوحال ہوا اس سے پوری قوم کے سرشرم سے جھک گئے،100دھرنوں کے بعد ایوان اقتداراسلام آباد کا رخ کریں گے ،سٹیج اداکاروں کوتبدیل کرکے نوازلیگ اورپیپلزپارٹی کی طرف دیکھنے والے یادرکھیں کہ 70برسوں سے باربارعوام نے ان سانپوں کودودھ پلایا لیکن انھوں نے احسان کے بدلے ڈسنے کی روش نہیں بدلی ،جماعت اسلامی کی دیانتدارقیادت ہی قوم کے مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے ،بلدیاتی اورقومی انتخابات میں عدل وانصاف کانشان ترازوقوم کی تقدیربدلے گا ۔