راولپنڈی(صباح نیوز) خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے 2 الگ الگ آپریشنز میں 9 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کے مطابق سکیورٹی فورسز کی جانب سے کارروائیاں 11 جنوری کو کی گئیں، شمالی وزیرستان کے علاقے دوسیلی میں دہشتگردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر کارروائی کے دوران 6 دہشتگردوں کو ہلاک جبکہ 2کو گرفتار کرلیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دوسری کارروائی شمالی وزیر ستان کے علاقے ایشام میں کی گئی جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشتگرد ہلاک جبکہ 2 زخمی ہوگئے۔ بیان میں کہا گیا کہ ہلاک اور زخمی دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق علاقے میں کسی بھی دہشتگرد کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن کیا جارہا ہے، پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ یاد رہے کہ 2 روز قبل سیکیورٹی فورسز نے ڈیر اسمعیل خان کے ایک علاقے میں آپریشن میں 5 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا۔ اس کارروائی سے 3 روز قبل سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں 3 مختلف کارروائیاں کرتے ہوئے 19 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا تھا جبکہ آپریشنز کے دوران بہادری سے لڑتے ہوئے پاک فوج کے 3 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا تھا۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا تھا کہ پشاور متنی آپریشن میں 8دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا، مہمند بائیزئی آپریشن میں بھی 8 دہشت گرد مارے گئے، کرک آپریشن میں 3 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق ان کارروائیوں میں مجموعی طور پر 19 دہشتگردہلاک ہوئے۔