اسلا م آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان امریکا اور چین کے درمیان تنازع حل کرنے میں اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔
وزیراعظم کے دورہ چین سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ وزیراعظم عمران خان سے چین میں سرمایہ کاروں کی ملاقاتیں ہوئیں جس میں کراچی اور فیصل آباد میں پانی کے منصوبوں سے متعلق گفتگو ہوئی، کراچی میں کے فور منصوبہ،حب کینال جب کہ فیصل آباد میں واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کے حوالے سے بات ہوئی۔
فواد چوہدری نے بتایا کہ چین کے سرمائی اولمپکس میں پاکستان کی ٹیم پہلی مرتبہ شریک ہوئی جس کا چین کے عوام کی جانب سے والہانہ خیرمقدم کیا گیا، پاک چین دوستی دونوں ملکوں کے عوام کی ایک دوسرے کے لیے محبت کے اظہار پر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی تھنک ٹینکس سے بھی ملاقات ہوئی، وزیراعظم نے زور دیا کہ دنیا ایک اور سرد جنگ کی متحمل نہیں ہوسکتی، امریکا چین تنازع حل کرنے میں پاکستان کردار ادا کرنے کو تیار ہے