اسلام آباد(صباح نیوز) جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ ہندوستان 6نومبر1947ء کی طرح کشمیر میں ایک بار پھر خون کی ندیاں بہانے کے در پے ہے ،6نومبر1947ء کو تین لاکھ سے زائد مسلمانوں کو تہہ تیغ کیا گیا اور 20لاکھ سے زائد پاکستان کی طرف ہجرت کرنے پر مجبور ہوئے ،صرف جموں شہر میں 350مساجد کو جلا کر شہید کیا گیا ،ہندوستان مقبوضہ پونچھ میں 3ہفتوں سے آپریش کے نام پر سول آبادی کو نقصان پہنچایا جارہا ہے ،مقبوضہ جموں وکشمیر سے مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کے لیے ہندوستان ڈومسائل قوانین میں ترمیم کرکے 50لاکھ سے زائد غیر ریاستی انتہا پسند ہندوئوں کو ڈومسائل جاری کر چکا ہے 74سال گزر چکے لیکن کشمیری آج بھی عالمی برادری کی طرف دیکھ رہے ہیں اقوام عالم خاموشی کا روزہ توڑکر کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق حق خودارادیت فراہم کرانے میں اپنا کردار ادا کرے
ان خیالات کااظہار انہوں نے مرکزی ذمہ داران کے اجلاس اور وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر مرکزی نائب امراء نورالباری،راجہ جہانگیر خان ،راجہ فاضل تبسم،سردار ارشد ندیم،مشتاق ایڈووکیٹ،سیکرٹری جنرل محمدتنویر انور خان،ڈپٹی سیکرٹری محمد آفتاب عالم سمیت دیگر رہنماؤں نے گفتگو کی
اس موقع پر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہاکہ یوم شہداء جموں کے موقع پر ہمیں شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں یہ تاریخ کا ایک المناک اور وحشتناک باب ہے جموں کے مسلم عوام کے ساتھ یہ سلسلہ آج بھی جاری ہے آر ایس ایس کی فاشسٹ ہندوستان کی حکومت جموں کے مسلم علاقوں میں گشت کر رہے ہیں ایک بار پھر ہندوستان جموں میں قتل عام کا بازار گرم کرنا چاہتا ہے جموں کے عوام کی فقید المثال قربانیوں کے نتیجے میں کشمیری آزادی حاصل کر کے رہیں گے
انہوں نے کہاکہ ہندوستانی قابض افواج کے خلاف ہر سطح پر جدوجہد جاری رہے گی جب تک پورا جموں وکشمیر آزاد نہیں ہوتا ایسا کوئی فارمولہ یا حل مسلط نہیں ہو نے دیں گے ہم شہداء کے امین ہیں کشمیرکی مکمل آزادی تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے
انہوں نے کہا کہ ریاست جموں وکشمیر کے طول وعرض میں نوجوانوں کو ہدف بنا کر گرفتار کرکے جعلی مقابلوں میں شہید کیا جارہا ہے کشمیریوں کے باغات ،فصلیں اور کاروبار مکمل طور پر تباہ کردئیے ہیں برہمن سامراج کشمیریوں کو مسلمان ہونے کی سزاد ے رہا ہے
ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہاکہ حکومت پاکستان عالمی برادری کو مقبوضہ جموں وکشمیر میں ہندوستان کے مکروہ عزائم کو بے نقاب کرے کشمیری اپنے پیدائشی حق کے لیے جدوجہد کررہے ہیں انہیں آزادانہ اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق فراہم کیا جائے ان کی مرضی کے مغائر کوئی بھی فیصلہ کسی صورت قبول نہیں کریں گے ۔