مقبوضہ کشمیر کو بھارت کی فرقہ پرست ہندوتوا حکومت نے ایک ٹارچر سیل میں تبدیل کر دیا ہے۔ محمدجاویدقصوری


لاہور (صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کی اپیل پر لاہور سمیت پورے پنجاب میں 5اگست کومقبوضہ کشمیرکے مظلوم عوام کیساتھ بھرپور اظہاریکجہتی کے دن کے طورپرمنایا گیا۔ 5اگست 2019ء مقبوضہ جموں و کشمیر کے لئے سیاہ ترین دنوں میں سے ایک ہے۔ پانچ سال کے مسلسل فوجی اور پولیس محاصرے، ظلم و بربریت اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں نے انسانی حقوق کی دھجیاں اڑا کر رکھ دیں ہیں۔ مقبوضہ کشمیر کو بھارت کی فرقہ پرست ہندوتوا حکومت نے ایک ٹارچر سیل میں تبدیل کر دیا ہے۔ بھارتی فوج مختلف ظالمانہ قوانین کی آڑ میں نہتے کشمیریوں پر ڈھٹائی سے ظلم کے پہاڑ توڑ رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے منصورہ سے جاری کردہ اپنے بیان میں کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر کے آبادیاتی ڈھانچے اور سیاسی منظر نامے کو بدلنے کے لئے اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آیا ہے ۔ جموں و کشمیر میں باہر کے افراد کو ڈومیسائل سرٹیفکیٹ کا اجرا، ووٹر لسٹوں میں عارضی رہائشیوں کا اندراج، اسمبلی حلقوں میں تبدیلیاں، زمین اور جا ئیداد کی ملکیت کے قوانین میں ترامیم کرکے مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنا چاہتا ہے ۔ یہ تمام اقدامات اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور چوتھے جنیوا کنونشن سمیت بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہیں ۔عالمی برادری ان کا نوٹس لے ۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کشمیریوں کی پشتیبان ہے ، ہم اپنے نہتے کشمیری بہن بھائیوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے ، ان کی اخلاقی اور سیاسی حمایت جاری رکھیں گے۔مودی گجرات کا قصائی ، اپنی فسطائیت کے ذریعے بھارت میں اقلیتوں پر عرصہ حیات تنگ کر چکا ہے ۔5اگست کا دن مودی حکومت کی سیاہ کاریوں کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اس سے دستبردار ہونے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ۔محمد جاوید قصوری نے لیاقت باغ راولپنڈی میں جاری دھرنے کے حوالے سے کہا کہ جماعت اسلامی کا دھرنا 25کروڑ عوام کے لئے امید کی کرن بن چکا ہے ۔ہم لوگوں کو مایوس نہیں کریں گے ۔ حکومت نے اگر مذاکرات کے عمل کو سنجیدہ لیا اور نہ ہی ہمارے مطالبات کو پورا کیا تو حکومت گرائو تحریک شروع کر دیں گے ۔ ہماری جدوجہد کا مقصد مہنگائی کی چکی میں پسے عوام کو ریلیف دیلانا ہے