لاہور(صباح نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ شہدا پولیس کی تکریم پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
یوم شہدائے پولیس پر اپنے پیغام میں مریم نواز نے کہا کہ تمام شہدا کی عظیم قربانیوں کو سلام۔ 4 اگست کبھی نہیں بھول سکتے یہ دن شہدا کی یاد دلاتا ہے، یوم شہدا بہادر سپوتوں کی عظیم قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے۔انہوں نے کہا کہ شہدا ہمارے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے، پولیس شہدا کی لازوال قربانیاں اثاثہ ہیں جنہیں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے کہاکہ وہ قوم سرخرو ہوتی ہے جو شہدا کی تکریم کرتی ہے، شہدا کی تکریم پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، حکومت پنجاب ہر لمحہ شہدا کے اہل خانہ کے ساتھ ہے اور ساتھ رہے گی۔مریم نواز نے کہا کہ کچے کے علاقے سمیت ہر علاقے میں پولیس فورس قابل قدر فرائض سر انجام دے رہی ہے، پنجاب حکومت شہدا کے خاندانوں کی ویلفیئر کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لارہی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ہر شہید کے خاندان کی دیکھ بھال اور خدمت کا فریضہ پوری طرح نبھائیں گے، شہدا پر فخر ہے، قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔