اسماعیل ہنیہ نے سعادت کی مثالی زندگی گزاری اور شہادت کی موت کے حق دار ٹھہرے۔ڈاکٹر فرید احمد پراچہ

لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی کے مشیر برائے سیاسی امور ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے کہا ہے کہ اسماعیل ہنیہ نے سعادت کی مثالی زندگی گزاری اور شہادت کی موت کے حق دار ٹھہرے۔فرید پراچہ نے بدھ کو جامع مسجد منصورہ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسماعیل ہنیہ تو اپنے رب کی رضا کے بلند ترین مقام پر فائز ہو گئے ہیں، لیکن عالم اسلام کے حکمرانوں کی بے حسی اور امت مسلمہ کے مسائل سے ان کی لاتعلقی کی وجہ سے آج غزہ کربلا بن چکا ہے۔ 50ہزار سے زیادہ مرد عورتیں بچے شہید ہو چکے ہیں، 75فیصد غزہ کھنڈر بن گیا ہے، مساجد شہید، ہسپتال مسمار اور سکول ویران ہو گئے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ اسرائیل عالمی بدمعاش ریاست کا کردار ادا کر رہا ہے اور جس طرح وہ امریکا کی شہ پر دندنا رہا ہے اس کو نکیل ڈالنا انتہائی ضروری ہے، ان حالات میں بھی ایٹمی پاکستان کی ذمہ داریاں مزید بڑھ گئی ہیں۔دریں اثنا فلسطینی مجاہد،حماس کے رہنما اور سابق وزیراعظم فلسطین اسماعیل ہنیہ شہید کی غائبانہ نماز جنازہ بعدنماز جمعہ منصورہ میں ادا کی جائے گی، مرکزی رہنما جماعت اسلامی حافظ محمد ادریس نماز جنازہ پڑھائیں گے، ڈاکٹر فرید پراچہ، قائدین و کارکنان جماعت سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شریک ہوں گے