اسلام آباد(صباح نیوز)سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ بھارت تمام کشمیریوں اور سیاسی قیدیوں کو رہا کرے،، بھارتی حکومت کو کشمیر کی جغرافیائی حیثیت کی تبدیلی کو روکنا ہوگا ۔
چیئرمین صادق سنجرانی کی زیر صدارت سینیٹ کا اجلاس ہوا، جس میں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ سیشن صرف کشمیر پر بات کیلئے رکھا ہے۔ یوسف رضا گیلانی نے سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں سے مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہیں، پوری اپوزیشن کی جانب سے کشمیر کے ساتھ یکجہتی کرتا ہوں، 7 دہائیوں سے بھارت کشمیریوں پر ظلم کرتا آ رہا ہے۔
یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بی بی کی طرح ہمارے کارکنان کشمیریوں کی آواز بنیں گے، بھارتی حکومت کشمیر میں سے کرفیو ختم کرے اور کشمیر کا پرانا اسٹیٹس بحال کرے، بھارتی حکومت کو کشمیر کی جغرافیائی حیثیت کی تبدیلی کو روکنا ہوگا۔
بھارت تمام کشمیریوں اور سیاسی قیدیوں کو رہا کرے،مسئلہ کشمیر کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل ہونے تک خطے میں امن قائم نہیں ہوسکتا۔
بعد ازاں میڈیا سے گفتگو میں یوسف رضا گیلانی سے صحافی نے سوال کیا کہ وزیرخارجہ کی جانب سے جوکچھ ایوان میں کیا گیا اس کے بعد کیا حکمت عملی ہوگی؟ جس پر انہوں نے جواب دیا کہ جس معاملے کی آپ نے بات کی اس کوہم نے کبھی اہمیت نہیں دی وزیرخارجہ نے جس لیول پربات کی میں اس لیول پربات نہیں کرناچاہتا۔
یوسف گیلانی نے کہا کہ پارٹی احتجاج کرنا چاہتی تھی لیکن میں نے روک دیا آج بھی کچھ دوستوں کاخیال تھا کہ احتجاج کیا جائے اجلاس میں ہم نے پیغام دیا کہ مسئلہ کشمیرپر سب ساتھ ہیں چیئرمین سینیٹ کو رولز کے مطابق ایوان چلانا پڑے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ میرے اوپر کوئی دباو نہیں، دلاور گروپ کے کردار سے متعلق پارٹی قیادت کوآگاہ کردیا ہے دلاور گروپ سے متعلق فیصلہ پارٹی قیادت کرے گی، چیئرمین سینیٹ نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹیوں کوغیرفعال کردیاہے
انہوں نے اپنی ذات کو قانون سمجھ لیا ہے پارٹی کو اگر مجھ سے بہتر اپوزیشن لیڈر ملتا ہے تو بے شک بنا دے۔یوسف گیلانی نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری لاہور میں میرے گھر پر موجود ہیں اور چیئرمین پیپلزپارٹی لانگ مارچ کے حوا لے سے مشاورت کر رہے ہیں