پشاور(صباح نیوز) جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر مولانا ڈاکٹر عطا الرحمن نے کہا ہے کہ پاکستان میں اسلامی علوم کی ترویج و اشاعت میں دینی مدارس کا کردار بے مثال ہے۔ شرح خواندگی بڑھانے میں بھی دینی مدارس نے مثبت کردار ادا کیا ہے۔ دینی مدارس ملک کے شہریوں کے عموما ایسے پسماندہ و نادار بچوں کی تعلیم کا بار اٹھاتے ہیں جو محض ان مدارس کی وجہ سے زیور تعلیم سے آراستہ ہو پاتے ہیں۔ اگر مدارس نہ ہوتے تو مسلمانوں کی ایک بڑی تعداد تعلیم سے محروم رہ جاتی ۔دینی مدارس کے فضلا و طلبا پاکستان کی نظریاتی و جغرافیائی حفاظت کا کردار ادا کررہے ہیں۔ جمعیت اتحاد العلما ملک میں فرقہ واریت کے خاتمے اور مسلمانوں کے اتحاد و اتفاق کے لیے اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔ جماعت اسلامی 26 جولائی کو اسلام آباد میں مہنگی بجلی اور ٹیکسوں کی بھر مار کے خلاف ڈی چوک پر دھرنا دے گی۔ علما کرام بھی دھرنے میں اپنی شرکت یقینی بنائیں۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے جمعیت اتحاد العلما ضلع لکی مروت کے علما اور رابط المدارس الاسلامیہ سے منسلک مدارس کے مہتممین کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر مولانا اسعد اللہ حقانی و دیگر موجود تھے۔
مولانا ڈاکٹر عطا الرحمن نے کہا کہ پاکستان اندرونی طور پر فرقہ واریت اور انتشار کی زد میں ہے، فرقہ وارانہ انتشار ہمارے لیے بہت بڑا چیلنج ہے۔ اس چیلنج سے نمٹنے اور انتشار کے خاتمے کے لیے علما منبر و محراب سے کردار ادا کر یں۔ انھوں نے کہا کہ ضلع لکی مروت کے علما نے 26 جولائی کے دھرنے کے لیے بھر پور تیاریاں کی ہیں۔ علما اور دینی مدارس کے طلبا بڑی تعداد میں دھرنے میں شریک ہوں گے۔