چیف جسٹس (ر)گلزار احمد کو فول پروف سکیورٹی دینے کی منظوری


اسلام آباد(صباح نیوز)وزارت داخلہ نے چیف جسٹس (ر)گلزار احمد کو فول پروف سکیورٹی دینے کی منظوری دے دی۔

نجی ٹی وی کے مطابق وزارت داخلہ نے سابق چیف جسٹس گلزار احمد کو فول پروف سکیورٹی دینے کی منظوری دے دی ، وزارت داخلہ کی منظوری کے بعد چیف جسٹس (ر)گلزار احمد کو رینجرز اور پولیس کی ٹیم پر مشتمل سکیورٹی سکواڈ دیا جائے گا۔

سابق چیف جسٹس گلزار احمد نے اپنی ریٹائرمنٹ سے قبل 27 جنوری کو وزارت داخلہ کو ایک مراسلہ لکھا تھا جس میں انہوں نے اپنی اور اپنے اہلخانہ کی مکمل سیکیورٹی کا تقاضا کرتے ہوئے موقف پیش کیا تھا کہ انہوں نے دہشت گردی، ماورائے عدالت قتل سمیت کئی ہائی پروفائل مقدمات کے علاوہ اقلیتوں کے حقوق، تجاوزات سمیت کئی حساس مقدمات کے فیصلے کیے ہیں، اس لیے ریٹائرمنٹ کے بعد بھی گھر اور سفر کے دوران رینجرز کی سکیورٹی فراہم کی جائے۔