لاہور(صباح نیوز)سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا ہے کہ ضلع کے اندر کام تحریک کا عملی میدان ہے -ہمارے دائرہ کار میں صرف جماعت اسلامی کی ارکان یا کارکنان خواتین نہیں بلکہ ہماری مخاطب ہر طرح کی وہ خواتین جو ہمارے علاقے میں موجود ہیں ۔ امیر غریب ، مسلمان غیر مسلم ، ملازمت پیشہ اور گھریلو ہر قسم کی خاتون کو مخاطب کرنا ہمارے دائرہ کار کا حصہ ہے
ان خیالات کا اظہار سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق نے صوبہ جنوبی پنجاب کے رپورٹنگ اجلاس سے آن لائن خطاب کے دوران کیا
انہوں نے کہا کہ بہت سے خواتین کے دینی حلقے ہمارے اس پاس موجود ہیں ۔جن کے دینی تصورات ، ہمارے سے مختلف ہیں لیکن حلقہ خواتین جماعت اسلامی، خواتین کی نمائندہ تنظیم ہے ہمارا موضوع عورت ہے عورت کو مخاطب کرنا ، عورت کی تربیت اور پھر عورت کے حوالے سے جو ایشوز ہیں ان کو بروقت حل کرنا ، ان کے لیے آواز اٹھانا اور عورت کے ساتھ کھڑے ہو جانا ہمارا مشن ہے- چاہے وہ بہاو الدین ذکریا یونیورسٹی کے اندر اٹھنے والا ٹیچرز کا معاملہ ہو ، یا نرس کے ساتھ ہسپتال کے اندر ناروا سلوک کا معاملہ ، ہمیں اپنے علاقے کی مقامی خواتین کے مسائل کے لیے اواز اٹھانی ہے –
انہوں نے مزید کہا کہ دین کی اصل دعوت خدمت کے ساتھ ہے- عوامی مسائل کے حل کے لیے الخدمت فاونڈیشن موجود ہے مگر عوام کی پریشانیوں اور مسائل سے اگاہی کے لیے ،اور دعوت دین کے لیے جماعت اسلامی کا مقامی اور ضلعی نظم قائم کیا جاتا ہے -ڈپٹی سیکرٹری عطیہ نثار نے کہا کہ دعوت دین کے لیے اپنی تمام صلاحیتوں کے ساتھ ساتھ وقت دینا بھی لازم ہے – دین کا کام کرنے کے لیے سوچنا ، منصوبہ بندی کرنا اور عارضی ومستقل نتائج پر غور و فکر اہم کڑی ہے -اجلاس سے ناظمہ صوبہ جنوبی پنجاب شازیہ سیال نے بھی خطاب کیا