پشاور(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا پروفیسر محمد ابراہیم خان نے بنوں میں مظاہرین پر سیکورٹی فورسز کی براہ راست فائرنگ کی مذمت اور واقعے میں شہادتوں پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اپنے بیان میں پروفیسر محمد ابراہیم خان کا کہنا تھا کہ بنوں کے عوام نے امن کے لیے تاریخی احتجاج کیا اور کثیر تعداد میں عوام کی شرکت نے ثابت کیا کہ بنوں کے عوام دہشت گردی اور آپریشن دونوں کے خلاف ہیں اور اپنے علاقے میں امن خواہاں ہیں۔ ایسے حالات میں کینٹ سے مظاہرین پر براہ راست فائرنگ افسوسناک ہے۔ ہم اس بہیمانہ فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
انھوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی شہید اور مرحوم ہونے والوں کی مغفرت فرمائے اور زخمیوں کو صحت کاملہ سے نوازے ۔ انھوں نے ضلع بنوں کے عوام سے اپیل کی کہ نہایت صبر و تحمل سے کام لیں۔ حکومت سے مطالبہ ہے کہ واقعے کے متاثرین کے لئے مالی تعاون کا فوری اعلان اور اس پر عملدرآمد کریں۔ عوام کے جذبات کا احترام کرتے ہوئے سیکورٹی فورسز حالات کی سنگینی کا ادراک کرے، اور جو کچھ ہوچکا ہے اس کا ازالہ کرے۔