ملکی تاریخ میں پہلی بار اسلام آباد کے لئے ماحولیاتی تبدیلی فنڈ قائم

اسلام آباد (صباح نیوز) وفاقی دارالحکومت کو ماحولیاتی تبدیلیوں سے بچانے کے مشن کے تحت وفاقی وزیر داخلہ کی ہدایت پر سی ڈی اے نے پہلی بار اسلام آباد کیلئے ماحولیاتی تبدیلی فنڈ قائم کر دیا۔سی ڈی اے نے کلائمیٹ چینج انیشیٹیو کے تحت خصوصی فنڈ قائم کیا، وزیر داخلہ محسن نقوی نے ماحولیاتی فنڈ کے قیام پر چئیرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا اور متعلقہ ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ سی ڈی اے نے ماحولیاتی فنڈ قائم کرکے لیڈ لی ہے۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ انیشیٹو کے تحت شہر میں کاربن کریڈٹ پروگرام بھی شروع کیا جائے گا،

کاربن کریڈٹ پروگرام کے تحت شہر میں درخت لگانے کے لئے 2000سے000 ،10کنال پر محیط مقامات مختص کردئیے ہیں، مختص مقا مات پر 40لاکھ سے 50لاکھ درخت لگائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ درخت لگانے کے لئے مقامات نئے سیکٹرز، ایونیوز اور دیگر کھلے علاقوں میں مختص کیے گئے ہیں، مارگلہ ہلز پر واقع تفریحی مقامات پر مارگلہ ہلز فنڈ کی منظوری دے دی، یہ فنڈ تفریحی مقامات کی آمدن کا 1.5 فیصد حصہ ہوگا۔محمد علی رندھاوا کا مزید کہنا تھا کہ حاصل رقم سے مارگلہ ہلز کی حفاظت اور خوبصورتی کو یقینی بنایا جائے گا۔