ملک سے سودی نظام معیشت کے حوالے سے مقدمہ کی سماعت 17فروری تک ملتوی


اسلام آباد(صباح نیوز) وفاقی شرعی عدالت نے ملک سے سودی نظام معیشت کے حوالے سے مقدمہ کی سماعت 17فروری تک ملتوی کردی ہے۔

چیف جسٹس محمد نور مسکانزئی کی سربراہی میں جسٹس ڈاکٹر محمدانور اور جسٹس خادم حسین ایم شیخ پر مشتمل تین رکنی فل بینچ نے مقدمات کی سماعت کی تو ڈپٹی اٹارنی جنرل چوہدری اشتیاق مہربان، نائب امیر جماعت اسلامی پروفیسرابراہیم خان  اور دیگر فریقین کے وکلا پیش ہوئے ۔

اس دوران عدالت کو بتایا گیا کہ یوبی ایل کے وکیل سلمان اکرم راجہ بیرون ملک ہونے کی وجہ سے پیش نہیں ہوسکے اس لئے جواب جمع کرانے کیلئے مہلت دی جائے عدالت نے  استدعامنظور کرتے ہوئے کیس کی سماعت  17فروری تک ملتوی کردی۔

یاد رہے کہ یکم فروری کو ہونے والی سماعت پر شرعی عدالت نے یونائیٹڈ بینک کے حکام کو ہدایت کی تھی کی وہ تحریری طور پر عدالت کو بتائیں کہ اب تک اسلامی نظام بینک کاری کیلئے ان کی جانب سے اب تک کیا پیش رفت کی گئی ہے ۔