اسلام آباد (صباح نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے ڈی جی نیب لاہور جمیل احمد کی تعیناتی کے خلاف درخواست پر نیب کو دوبارہ نوٹس کرتے ہوئے تحریری جواب جمع کرانے کی ہدایت کی ہے ۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس بابر ستار نے شہری محمد اقبال کی درخواست پر سماعت کا آغاز ہوا تو درخواست گزار کی جانب سے بیرسٹر ظفر اللہ کی معاون وکیل عدالت میں پیش ہوئیں جبکہ نیب کی جانب سے ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل جہانزیب بھروانہ عدالت میں پیش ہوئے ،
ایڈیشنل پراسیکیوٹرجنرل کا کہنا تھاکہ اسی نوعیت کی درخواست پر لاہور ہائی کورٹ نے بھی فیصلہ دیا جس کی مصدقہ نقل اپلائی کر رکھی ہے، لاہور ہائی کورٹ میں انٹراکورٹ اپیل بھی دائر ہو چکی ہے جو زیر التوا ہے،
پراسیکیوٹرجنرل نیب کا کہنا تھاکہ چیئرمین نیب کا کورونا ٹیسٹ پازیٹو ہے، اس لیے جواب کی منظوری نہیں ہوئی، پراسیکیوٹر چیئرمین نیب کی منظوری کے بعد جواب جمع کرایا جائے گا، عدالت نے پراسیکیوٹر نیب کی استدعاپر نیب کو جواب جمع کرانے کے لیے 17 مارچ تک کی مہلت دے دی ۔
یاد رہے کہ درخواست گار نے موقف اپنارکھا ہے کہ چیئرمین نیب نے کنٹریکٹ کی بنیاد پر ایک سال کے لئے ڈی جی نیب لاہور کی تعیناتی کی، حالانکہ سپریم کورٹ نے نیب کی تعیناتیوں سے متعلق واضح ہدایات دے رکھی ہیں ،
سپریم کورٹ نے نیب کے سروس رولز تو کالعدم قرار نہیں دیے تھے،لیکن قانون کے مطابق تعیناتی کیلئے اشتہار دینا لازمی ہے،ان عہدوں پر امتحان میں کامیاب ہونے والے امیدوار کی تعیناتی کی جا سکتی ہے۔