ڈاکٹر شاہدہ رحمانی کے زیرِ صدارت وویمن پارلیمنٹری کاکس کی جنرل اسمبلی کا اجلاس

اسلام آباد(صباح نیوز)وویمن پارلیمنٹری کاکس کی جنرل اسمبلی کا اجلاس سیکرٹری جنرل وویمن پارلیمنٹری کاکس ڈاکٹر شاہدہ رحمانی کے زیرِ صدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں خواتین اراکین پارلیمنٹ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

وویمن پارلیمنٹری کاکس کی ممبران نے ڈاکٹر شاہدہ رحمانی کو سیکرٹری جنرل وویمن پارلیمنٹری کاکس کا عہدے سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ اجلاس میں وویمن پارلیمنٹری کاکس کی کارکردگی کو مزید بہتر اور فعال بنانے کی تجاویز پیش کی گئیں۔ ڈاکٹر شاہدہ رحمانی نے کاکس کی تمام ممبران کو خواتین کی فلاح و بہبود کیلئے پارٹی وابستگیوں سے بالا تر ہو ملکر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔اجلاس میں بے نظیر اِنکم سپورٹ کی چیئر پرسن روبینہ خالد نے خصوصی شرکت کی۔

پارلیمنٹری وویمن کاکس کی ممبران نے محترمہ روبینہ خالد کو خواتین کے مسائل کے حل کی ضرورت پر زور دیا۔ اراکین وویمن پارلیمنٹری کاکس  نے کہاکہ خواتین کے مسائل کے حل کیلئے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں شفافیت لانا اور دائرہ کار وسیع کرنا ضروری ہے،کاکس کی ممبران نے چیئر پرسن بی آئی ایس پی کو ضرورت مند اور مستحق خواتین کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے اقدامات اٹھانے کا کہا۔  چیئر پرسن بی آئی ایس پی نے مستحق خواتین کو ان کی دہلیز پر بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی جانب مالی معاونت کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی۔