سندھ حکومت نے 2 ایڈیشنل اور 6 اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل کوعہدوں سے فارغ کردیا

کراچی (صباح نیوز)سندھ حکومت نے 2 ایڈیشنل اور 6 اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل سندھ کو عہدوں سے فارغ کر دیا۔نوٹیفکیشن کے مطابق ہٹائے گئے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرلز میں صولت رضوی، چوہدری وسیم اختر شامل ہیں۔صولت رضوی گریڈ ایک سے 15 تک نوکریوں کی بھرتی والے کیس میں پیش ہوتے رہے ہیں۔

سندھ ہائی کورٹ نے گریڈ ایک سے پندرہ کی نوکری کے لئے بھرتیوں کا عمل غیر قانونی قرار دے دیا تھا، عدالت نے بھرتیوں کے خلاف ایم کیو ایم کی درخواست منظور کر لی تھی۔فارغ کئے گئے اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرلز میں نوشابہ سولنگی، غلام اکبر اور عمران علی جتوئی شامل ہیں۔اس کے علاوہ شرف الدین جمالی، غلام مصطفی ابڑو اور عروج فاطمہ بھٹو بھی عہدوں سے فارغ ہونے والوں میں شامل ہیں۔