جماعت اسلامی کے12 جولائی دھرنے میں رکاوٹیں، حکومت کااحمقانہ اقدام ہوگا، ڈاکٹرطارق سلیم

 راولپنڈی(صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاہے کہ وفاقی اور پنجاب حکومت نے 12جولائی کوڈی چوک اسلام آباد دھرنے میں رکاوٹیں ڈالیں تویہ ان کااحمقانہ اقدام ہوگا، امیرجماعت حافظ نعیم الرحمن نے ظالم اشرافیہ کے خلاف طویل جدوجہد کاآغازکردیا،بجلی کے بلوں اور ٹیکسوں میں ظالمانہ اضافے کے خلاف عوامی دھرنے میں کارکنان اور عوام سمیت مختلف شعبوں کے نمایاں افراد شریک ہوں گے،

اس سے قبل جماعت اسلامی کی جدوجہد کے نتیجے میں پنجاب حکومت کسانوں کوریلیف دینے پرمجبور ہوئی، وفاق کو بھی بجلی کے بلوں میں لگے غنڈہ ٹیکسوں اور تنخواہوں پرٹیکس کو واپس لینا پڑے گا۔ان خیالات کااظہارانھوں نے صوبائی مجلس شوری کے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی سیکرٹری جنرل اقبال خان،نائب امیرصوبہ حافظ تنویراحمدودیگرذمہ داران سمیت صوبے بھرسے امرائے اضلاع اورارکان شوری اس موقع پر شریک ہوئے۔اجلاس میں 12جولائی کے عوامی دھرنے کی تیاریوں کاجائزہ لیا گیا،سیاسی وتنظیمی امور سمیت سالانہ بجٹ کی منظوری بھی دی گئی۔

ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاکہ 21انتظامی کمیٹیاں اورایک ہزار ممبران مرکزی ایونٹ پر اپنی ورکنگ کا آغاز کرچکے ہیں جبکہ ہر ضلع میں بھی انتظامی کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں جو اپنے دائرہ کار میں پبلسٹی،ٹرانسپورٹ،میڈیاوسوشل میڈیا،فنانس اور عوام سے ملاقاتوں کاسلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔پنجاب بھر کے اضلاع میں ہرصوبائی حلقے کی سطح پر 12جولائی کے عوامی دھرنے کی آگاہی پرکیمپ قائم کررہے ہیں گلی محلے اوربازاروں میں ذمہ داران وکارکنان عوام الناس کو دھرنے کے مقاصد پربریف کرتے ہوئے شرکت کی دعوت دے رہے ہیں،چونکہ اس وقت صرف جماعت اسلامی ہی بجلی کے بلوں میں اضافے اورٹیکسوں جیسے ظلم پر صدائے احتجاج بلندکررہی ہے اس وجہ سے عوام کا رسپانس بہت زیادہ ہے 12جولائی کو ڈی چوک اسلام آباد میں انسانو ں کا سمندرہوگا۔