جماعت اسلامی ہمیشہ صحافیوں کی آواز بنی ہے ،منعم ظفر خان

کراچی ( صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان  نے کہا ہے کہ  جماعت اسلامی گزشتہ کئی سال سے حق دو کراچی تحریک چلا رہی ہے اور ہم نے بجلی ، پانی سمیت اہل کراچی کے تمام مسائل پر آواز بلند کی ہے ۔حقوق کراچی تحریک اور کے الیکٹرک کے خلاف جماعت اسلامی کی جدو جہد کا ہر شہری معترف ہے ، امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کراچی میں حق دو کراچی تحریک کا آغاز کیا تھا اور اب ملک بھر میں حق دو عوام تحریک کا آغاز کررہے ہیں اور اسلام آباد میں 12 جولائی کو دھرنے کااعلان کیا ہے ،صحافت ملک اور ریاست کا انتہائی اہم ستون ہے جس کے لیے جماعت اسلامی نے ہمیشہ آواز اٹھائی ہے اور صحافیوں کی آواز بنی ہے ، ایک جانب بڑھتی ہوئی مہنگائی دوسری جانب بجلی کے بھاری بلوں نے عوام کی زندگی اجیرن بنا ئی ہوئی ہے ،ہم میڈیا مالکان سے کہتے ہیں کہ اپنے ورکرز کی تنخواہوں میں خاطر خواہ اضافہ کریں اور بروقت ادائیگی یقینی بنائیں ،چھانٹیاں و برطرفیاں بند کریں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں جماعت اسلامی کراچی شعبہ نشرواشاعت کی جانب سے صحافیوں کے اعزاز میں روایتی ”دعوت آم”سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ تقریب سے جماعت اسلامی کراچی کے سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری اور کراچی پریس کلب کے صدرسعید سربازی نے بھی خطاب کیا ۔

تقریب میں کراچی پریس کلب اور صحافتی تنظیموں کے عہدیداران سمیت پرنٹ والیکٹرونک میڈیا سے وابستہ صحافیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔منعم ظفر خان نے مزیدکہاکہ تقریب میں صحافیوں کی بڑی تعدادکی شرکت اس بات کی عکاسی ہے کہ صحافیوں سے جماعت اسلامی کے ساتھ گہرا تعلق ہے۔ اس وقت میڈیا انڈر اٹیک ہے اور پورا ملک جس صورتحال سے گزر رہا ہے وہ کسی المیے سے کم نہیں ، عام افراد کے ساتھ صحافی بھی ٹارگٹ کلنگ، چوری و ڈکیتی کی وارداتوں میں نشانہ بن رہے ہیں ، ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ عام شہریوں سمیت صحافی برادری سے وابستہ افراد کو بھی چوری و ڈکیتی کی وارداتوں سے بچانے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔انہوں نے مزیدکہاکہ بجلی کے ادارے پر ہر فرد شدید پریشان ہے ، کے ای ایس سی کو پرائیویٹ سیکٹر میں دینے کا مقصد لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ تھا، بد قسمتی سے بجلی کے ادارے کو دو دفعہ فروخت کیا گیا لیکن نجی تحویل میں دینے سے کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ ٹیکسز کے پورے عمل میں اشرافیہ ایک جانب اور عوام دوسری جانب ہیں۔ کراچی میں جماعت اسلامی اور تاجر برادری نے آئی ایم ایف بجٹ ، بجلی کے بھاری بلوں،جاگیرداروں پر ٹیکس عائد کرنے کے بجائے غریب عوام ، تنخواہ دار طبقے اور تاجروں پر ظالمانہ ٹیکسوں کے خلاف احتجاجی تحریک شروع کردی ہے، 8 جولائی کو ضلع غربی میں عظیم الشان دھرنا دیا جائے گا۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ کے الیکٹرک کے لائسنس کو منسوخ کیا جائے، لوڈ شیڈنگ ختم کی جائے شہریوں کو سستی بجلی فراہم کی جائے۔

 اشرافیہ اپنی عیاشیاں ترک کرنے کے لیے تیار نہیں ہے اور سارا بوجھ عوام پر ڈالا جا رہا ہے ۔سعید سربازی نے کہاکہ  جماعت اسلامی کی جانب سے صحافی برادری کے لیے آم پارٹی خوش آئند ہے۔ یہ جماعت اسلامی کی دیرینہ روایت ہے ، صحافت سے وابستہ افراد کو جمع کرنا اور ان کے لیے ایسی تقریب صرف جماعت اسلامی ہی کرتی ہے۔ موجودہ ملک کی صورتحال میں ہر فرد بجلی کے بلوں کو لے کر شدید پریشان ہے۔  المیہ یہ ہے کہ جماعت اسلامی کے سوا کوئی پارٹی بھاری بلوں کے خلاف آواز نہیں اٹھارہی۔  جماعت اسلامی  احتجاجی تحریک چلارہی ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ جماعت اسلامی تحریک کو آگے لے کر جائے ۔عوامی حقوق کے لیے بڑی تحریک چلانے کی ضرورت ہے جس میں عام افراد کے ساتھ صحافی برادری و سول سوسائٹی کے افراد بھی شریک ہوں۔زاہد عسکری نے تقریب میں شریک تمام صحافیوں ، کراچی پریس کلب اور صحافتی تنظیموں کے عہدیداران کا خیر مقدم کیا اور ان کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے کہا کہ صحافتی دنیا میں بے شمار مسائل ہیں جس میں بنیادی مسئلہ ، چھانٹیاں ، برطرفیاں اور بروقت تنخواہوں کی عدم ادائیگی کا ہے۔  جماعت اسلامی نے ہمیشہ صحافیوں کے حقوق کے حصول کی آواز اٹھائی ہے اور صحافی برادری کے ساتھ کھڑی ہوئی ، ہم آئندہ بھی صحافیوں کے مسائل اور آزادی ٔ صحافت کے لیے جدو جہد کرتے رہیں گے ۔