جماعت اسلامی پاکستان کا پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف بارہ جولائی کو اسلام آباد میں دھرنا دینے کااعلان

لاہور (صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے بجلی کے بلوں میں ہوش ربا اضافہ اور  پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ پر حق دو پاکستان تحریک شروع اور بارہ جولائی کو اسلام آباد میں مطالبات کی منظوری تک دھرنا دینے کااعلان کر دیا، حکومت نے دھرنا کو روکنے کی کوشش کی تو نتائج کی ذمہ داری بھی اسی پر عائد ہوگی۔حکومت بجلی اور گیس کی قیمتیں کم اور لگائے گئے نئے ٹیکس واپس لے۔جماعت اسلامی مشاورت کے بعد ملک گیر ہڑتال کی کال بھی دے گی ،کال دوران دھرنا یا اس سے پہلے بھی دی جاسکتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل امیرالعظیم اورمرکزی سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف بھی موجود تھے۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ملک بھر میں شدید بحران ہے بجلی کے بل بجلی بن کر گرے ہیں جس سے سب تڑپ رہے ہیں،خواتین اپنے زیورات بیچ کر بجلی کے بل دے رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پیٹرول و گیس اور بجلی کی قیمت میں اضافہ کیا گیا،ابھی آئی ایم ایف کے دبائو پر مزید ٹیکسز لائے جا رہے ہیں،یہ عوام کو مزید ٹیکسوں کے نیچے دبانا چاہتے ہیں، حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جاگیر داروں سے کوئی ٹیکس نہیں لیا جا رہا بڑے لوگ مزے کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بجلی کے بلوں میں جو ٹیکس ہے پیٹرول پر جو لیوی لگی ان کا پیٹ بھریں گے جو پہلے ہی اربوں روپے کھا گئے ہیں،مجال ہے حکومت کو کوئی شرمندگی ہو، وزیر اعظم اعزاز سے کہتے ہیں، آئی ایم ایف سے مل کر بجٹ بنایا۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی ذہنی پسماندگی و غلامی میں مبتلا ہو چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکمران طبقہ کی مراعات میں اضافہ کیاگیا ،کم از کم علامتی طورپر اپنی مراعات تو چھوڑتے۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرول و بجلی فری لینے والے جرنیل فوجی افسران ججز کہتے کہ ہم مراعات نہیں لیں گے، محدود طبقہ پنپتا اور مڈل کلاس فارغ ہوگئی ہے، حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ دو تین لاکھ روپے والا تنخواہ دار طبقہ بھی سخت پریشان ہے اگر اس کا ٹیکس کٹے گا تو وہ کیسے گھر کا نظام چلائے گا۔انہوں نے کہا کہ ریاستی نظام و اشرافیہ نے اچھی تعلیم صحت سے محروم کردیا ہے، صحت کی سہولیات پر ادویات کے خام مال پر ٹیکس لگادیا ہے،جان بچانے والی ادویات پر بھی بیس فیصد ٹیکس لگا دیا ہے، دل کے مریضوں کو کتنی سہولیات ہیں، حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک گیر ہڑتال پر مشاورت کررہی ہے، تنخواہوں دار طبقہ بجلی و پیٹرول کی قیمت میں اضافہ پر بارہ جولائی کو اسلام آباد میں عظیم الشان دھرنا دیں گے، حکومت کو ظالمانہ ٹیکس ختم کرنے پر مجبور کردیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایک سو انیس پروفیشنل لوگ پاکستان چھوڑ گئے ہیں۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کچھ لوگ کہہ رہے ہیں کہ پاکستان میں دوبارہ الیکشن ہونا چاہئیے تو جب ہمارے پاس فارم پینتالیس موجود ہے تو دوبارہ الیکشن کیوں کروانے چاہئیں یہ سب چکر عوام کو پتہ ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت گرانے پر امریکی مداخلت ناجائز ہے اور امریکی قرارداد قابل قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ جو اسلحہ اسرائیل انسانوں کو قتل کرنے کئی فراہم کررہا ہے اس پر بات ہونی چاہئیے ۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہپاکستان اندرونی معاملات کو دیکھ رہے ہیں لیکن دھاندلی ہورہی ہے تو دوسروں کو بات کرنے کا موقع مل جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکہ کو حق حاصل نہیں کہ وہ پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کرے۔

بارہ جولائی کو اسلام آباد دھرنے کی اجازت نہیں لیں گے اگر حکومت نے روکا تو وہ بھگتیں گے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے دھرنا شروع کرنے کا تو فیصلہ کیا لیکن ختم کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا۔جماعت اسلامی کی مزاحمت کو روکیں گے تو حکومت مشکل میں آ جائے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو کرپٹ حکمرانوں کے ہاتھوں میں نہیں دے سکتے عوام کی آواز سے آواز ملائیں گے۔انہوں نے کہا کہ عوام کو تنہا نہیں چھوڑ سکتے حق دو پاکستان تحریک بارہ جولائی کو اسلام آباد سے جماعت اسلامی دھرنے کی شکل میں شروع کریںگے حکومت  ہوش کے ناخن لو عوام کو ریلیف دو ٹیکس ختم کرودعوت دیتا ہوں تاجروں صنعتکاروں تنخواہ دار طبقہ جماعت اسلامی کی حق دو پاکستان تحریک کا حصہ بنیں،ملک کسی انارکی یا افراتفری کا متحمل نہیں ہوسکتا