بہاولنگر(صباح نیوز) بہاولنگر اور احمد پور شرقیہ میں ٹریفک کے دو مختلف حادثات میں 2 نوجوان جاں بحق اور ایک شدید زخمی ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق بہاولنگر کے علاقے فورٹ عباس روڈ پر تیز رفتار ٹرالر نے رکشے کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں ایک نوجوان موقع پر دم توڑ گیا جبکہ دوسرا شدید زخمی ہوا ہے۔حادثے کے بعد ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچ گئے، لاش اور زخمی کو ہسپتال منتقل کر دیا، مرنے والے نوجوان کی شناخت محمد مشتاق جبکہ زخمی کی شناخت محمد ندیم کے نام سے ہوئی ہے۔
دوسری جانب احمد پور شرقیہ میں تیز رفتار ٹرک نے موٹر سائیکل سوار نوجوان کو کچل دیا، حادثے میں 15 سالہ نوجوان جاں بحق ہو گیا جس کی شناخت دانیال کے نام سے ہوئی ہے۔حادثے کے بعد ریسکیو کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو ہسپتال منتقل کر دیا جبکہ ٹرک ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، پولیس نے قانونی کارروائی شروع کر دی۔