190 ملین پاؤنڈ کیس: عمران خان کی ضمانت کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج

اسلا م آباد(صباح نیوز)قومی احتساب بیورو (نیب) نے 190 ملین پاؤنڈز کیس میں سابق وزیر اعظم عمران خان کی ضمانت کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف نیب نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی۔درخواست میں نیب نے استدعا دی کہ سپریم کورٹ اسلام آبادہائی کورٹ کا 14 مئی کا فیصلہ کالعدم قرار دے۔

واضح رہے کہ 14 مئی کو 190 ملین پاؤنڈ نیب ریفرنس کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ضمانت منظور کرلی تھی۔چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری پر مشتمل دو رکنی بینچ نے عمران خان کی ضمانت کی درخواست پر 13 مئی کو محفوظ کیا گیا فیصلہ سنا دیا۔سابق وزیر اعظم کی ضمانت 10 لاکھ روپے کے مچلکے کے عوض منظور کی گئی تھی۔

یاد رہے کہ 23 جنوری کو سابق وزیر اعظم نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں ضمانت کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا۔اس کیس میں 27 فروری کو احتساب عدالت اسلام آباد کے جج ناصر جاوید رانا نے کیس کی سماعت اڈیالہ جیل راولپنڈی کرتے ہوئے عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کے خلاف فردجرم عائد کی تھی۔گزشتہ روز عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس کی سماعت میں 3 گواہان کے بیانات ریکارڈ، 2 پر جرح مکمل کرلی گئی تھی، بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کو احتساب عدالت کے روبرو پیش کیا گیا تھا۔بعد ازاں عدالت نے سماعت 15 مئی تک ملتوی کردی تھی، اس ریفرنس میں مجموعی طور پر 30 گواہان کے بیانات ریکارڈ جبکہ 19 پر جرح مکمل ہو چکی ہے۔