مسئلہ فلسطین ،کشمیر کے منصفانہ حل کیلئے دنیا بھر کے پارلیمانوں کوتوجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔سردار ایاز صادق


اسلام آباد (صباح نیوز) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق  نے کہا ہے کہ  مسئلہ فلسطین اور کشمیر سمیت دیگر  تنازعات کے منصفانہ حل کیلئے پارلیمانوں کو اپنی توجہ مرکوز کرنے کی ضرورتہے۔عالمی یوم پارلیمنٹرین ازم کے موقع پراپنے پیغام میں انھوں نے کہا ہے کہ  پارلیمان جمہوریت کا بنیادی جزو ہے،پاکستان کی پارلیمان عوامی امنگوں کی ترجمانی کرتی ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی  نے کہا کہ جمہوریت کی مضبوطی اور جمہوری اقدار کے فروغ کیلئے پارلیمان کی بالادستی ناگزیر  ہے، پاکستان بین الپارلیمانی یونین کا سرگرم  رکن ہے۔ پارلیمانی تعاون اور رابطوں کو  فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ جمہوری اقدار اور ہم آہنگی کے فروغ  کے لیے پارلیمانی سطح پر  رابطے اور ڈائیلاگ  ضروری ہیں، پاکستان کی پارلیمان امن و سلامتی، بنیادی حقوق کے تحفظ اور صنفی امتیاز کے خاتمے پر یقین رکھتی ہے پائیدار ترقی کے اہداف کا حصول اور معاشرے کے پسماندہ طبقات کی فلاح و بہبود کے پاکستان کی پارلیمان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمان عالمی سطح پر امن، جمہوریت اور پائیدار ترقی کے حصول کے لیے آئی پی یو کے ساتھ کام کرنے کے لیے پر عزم ہے،خطے میں امن، سلامتی اور پائیدار ترقی کے فروغ کیلئے پارلیمانوں میں رابطوں کا فروغ ضروری۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ مسئلہ فلسطین اور کشمیر سمیت دیگر  تنازعات کے منصفانہ حل کیلئے پارلیمانوں کو اپنی توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے ،عالمی برادری کو فلسطین اور کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لینا چاہیے،  مسئلہ کشمیر اور فلسطین کے منصفانہ حل کے بغیر خطے میں امن کا قیام نا ممکن ہے،پارلیمان اپنے مثبت کردار کے ذریعے دنیا کو امن کا گہوارہ بنا سکتے ہیں۔