غزہ ،اسرائیلی بمباری میں اسماعیل ہنیہ کی بہن سمیت 24 افراد شہید

غزہ (صباح نیوز)غزہ میں تین اسرائیلی فضائی حملوں میں حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی بہن سمیت 24 افراد شہید ہوگئے۔ حماس کے سربراہ کی بہن کے مکان پر میزائل حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں اسماعیل ہنیہ کی بہن اور ان کے خاندان کے 13 افراد شہید ہوگئے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق حماس رہنما اسماعیل ہنیہ کی بہن اپنے خاندان کے ہمراہ ساحل کے قریب ایک پناہ گزین کیمپ کی ایک عمارت میں رہائش پذیر تھیں۔اسرائیلی فوج کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ لڑاکا فوجی طیاروں نے شتی پناہ گزین کیمپ کی دو عمارتوں کو نشانہ بنایا۔ ان عمارتوں میں حماس کے کمانڈرز موجود تھے۔دوسری جانب حماس کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے پناہ گزین کیمپ میں جس عمارت کو نشانہ بنایا ان میں ایک مکان اسماعیل ہنیہ کی بہن کا تھا۔ حملے میں بہن اور 13 دیگر رشتہ دار شہید ہوگئے۔

رہائشیوں کے مطابق اسرائیلی ٹینکوں نے گزشتہ رات رفح کے اندرونی علاقوں میں مزید پیش قدمی کی اور کئی مکانات کو تباہ کردیا۔غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق منگل کے روز ہونے والے فضائی حملوں میں سے دو حملے غزہ شہر کے دو اسکولوں پر ہوئے جن میں 14 افراد شہید ہوئے جبکہ تیسرا حملہ الشاتی کیمپ میں ایک گھر پر کیا گیا جس میں 10 افراد شہید ہوگئے۔اسرائیلی فوج نے الشاتی کیمپ میں جس مکان کو نشانہ بنایا اس میں حماس سربراہ کی بہن اور دیگر  رشتے دار مقیم تھے۔ یاد رہے کہ اسرائیلی فوج نے اس سے قبل بھی اسماعیل ہنیہ کے خاندان کو اسی علاقے میں ایک کار پر سفر کے دوران نشانہ بنایا تھا جس میں اسماعیل ہنیہ کے بیٹے حازم، عامر اور محمد کے علاوہ پوتے بھی شہید ہوگئے تھے۔غزہ میں 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی بمباری میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 37 ہزار 500 سے تجاوز کرگئی جب کہ 86 ہزار سے زائد زخمی ہیں۔ شہید اور زخمی ہونے والوں میں نصف تعداد خواتین اور بچوں کی ہے