چونیاں(صباح نیوز)ایک اور لڑکی غیرت کی بھینٹ چڑھ گئی ،چونیاں میں بھائی نے فائرنگ کرکے بہن کو قتل کر دیا۔ چونیاں میں بھائی نے فائرنگ کر کے سگی بہن کو موت کے گھاٹ اتار دیا، اس افسوسناک واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی چونیاں رانا زاہد علی کرائم سین ٹیم اور پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے۔
پولیس کے مطابق ملزم کی شناخت عاطف کے نام سے ہوئی ہے، ملزم نے اپنی 22 سالہ بہن مہوش کو سر میں گولی مار کر قتل کیا، ملزم موقعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ دوسری جانب ڈی ایس پی چونیاں رانا زاہدنے کہا کہ ملزم عاطف موقع سے فرار ہو گیا جس کی گرفتاری کیلئے ٹیم تشکیل دے دی گئی ، ملزم بہت جلد قانون کی گرفت میں ہو گا، جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کر لئے ۔