وزیر خارجہ کی نیول ہیڈکوارٹرز میں سربراہ پاک بحریہ سے ملاقات


اسلام آباد(صباح نیوز) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا اور چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی سے ملاقات کی۔

نیول ہیڈکوارٹرز پہنچنے پر سربراہ پاک بحریہ نے معزز وزیر کا استقبال کیا۔ وزیر خارجہ نے پاک بحریہ کی پیشہ وارانہ مہارت اور آپریشنل تیاریوں اور نیول ڈپلومیسی کے ذریعے پاکستان کی خارجہ پالیسی کے مقاصد کے حصول میں پاک بحریہ کے اہم کردار کو سراہا۔ انہوں نے میری ٹائم ڈومین میں ابھرتے ہوئے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پاک بحریہ کے لیے حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔

بعدازاں، وزیر خارجہ کو موجودہ جیو اسٹریٹیجک ماحول میں پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی چیلنجز کے بارے میں ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف(آپریشنز) وائس ایڈمرل نوید اشرف نے بریفنگ دی۔ وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان میری ٹائم سیکٹر کی اہمیت اور ملک کی خوشحالی کے لیے اس کی بے پناہ اقتصادی صلاحیت کا بخوبی ادراک رکھتی ہے۔انہوں نے علاقائی میری ٹائم سیکٹر کی ترقی کے لیے پاک بحریہ کی کوششوں کی تعریف کی۔

انہوں نے خطے کی بحری سیکیورٹی اور پاکستان کے ساحل، گوادر پورٹ اور سی پیک کے میری ٹائم سے متعلقہ منصوبوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو سراہا۔ وزیر خارجہ نے ملک کی سمندری سرحدوں کے تحفظ کے لیے پاک بحریہ کی تیاریوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے نیول ہیڈکوارٹرز کا دورہ کرنے اور پاک بحریہ پر اعتماد کا اظہار کرنے پر وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔ نیول چیف نے یقین دلایا کہ پاک بحریہ امن اور جنگ دونوں کے دوران ملک کی سمندری سرحدوں اور پاکستان کے سمندری مفادات کا دفاع کرتی رہے گی