شہید ہارون ولیم کی آخری رسومات سینٹ پال چرچ میں ادا، وزیراعظم اور آرمی چیف کی شرکت


راولپنڈی (صباح نیوز)گزشتہ روز کرم کے علاقے میں شہید ہونے والے اہلکار 29 سالہ سپاہی ہارون ولیم کی آخری رسومات ادا کردی گئی جس میں وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے شرکت کی۔واضح رہے کہ کرم کے علاقے سدہ میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی دیسی ساختہ بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی تھی، جس کے نتیجے 5 سیکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے تھے۔

شہید ہونے والے وطن کے بہادر سپوتوں میں اوکاڑہ کے 33 سالہ حوالدار عقیل احمد، پونچھ کے 30 سالہ لانس نائیک محمد طفیر، اٹک کے 24 سالہ سپاہی انوش رفون، ہری پور کے 26 سالہ سپاہی محمد اعظم خان اور اسلام آباد کے 29 سالہ سپاہی ہارون ولیم شامل ہیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سپاہی ہارون ولیم کی سینٹ پال چرچ راولپنڈی میں آخری رسومات ادا کی گئی جس میں وزیراعظم اورآرمی چیف کے علاوہ وزرا اور سول و فوجی حکام بھی شریک ہوئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے دفاع وطن میں مسیحی برادری کی قربانیوں کوسراہا اور کہا کہ مسلح افرادایک مربوط یونٹ ہیں، مسلح افواج میں ہرشعبہ زندگی کی نمائندگی ہے۔اس موقع پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے سپاہی ہارون اورانوش کی قربانیوں کوخراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ قوم مادر وطن کے دفاع میں شہیدوں کی قربانیوں کی مقروض ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق سپاہی ہارون کو فوجی اعزازکے ساتھ راولپنڈی جبکہ ضلع کرم کیدیگرشہدا بھی اپنے آبائی علاقوں میں سپردخاک کردیا گیا۔۔