کندھ کوٹ (صباح نیوز)جماعت اسلامی کے تحت ہفتہ یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں آج کندھ کوٹ میں جے آئی یوتھ کے تحت گولی مار سے گھنٹہ گھر چوک تک یوتھ کے ضلعی صدر غلام مصطفی میرانی کی زیر قیادت یکجہتی کشمیر موٹرسائیکل ریلی کا انعقاد کیا گیا، موٹر سائیکل ریلی میں نوجوانوں نے کثیر تعداد میں شرکت، کشمیر بنے گا پاکستان، کشمیریوں سے رشتہ کیالاالٰہ الا اللہ کے نعرے لگائے،
ریلی سے جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر حافظ نصراللہ عزیز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی بقا کشمیر سے وابستہ ہے،کشمیر نہ صرف ہمارا اٹوٹ انگ ہے بلکہ وہ تکمیل پاکستان کی جنگ لڑررہے ہیں، کیونکہ تمام دریائوں کا پانی کشمیر سے آتا ہے، عالمی ضمیر کی خاموشی اور حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے جنت نظیر کشمیر آج جہنم بنادی گئی ہے، بھارت نے کشمیر پر ظلم وستم کا بازار گرم کر رکھا ہے، طویل عرصہ سے کشمیر میں جاری کرفیو نے عوام کی زندگی اجیرن بنادی ہے، پی ٹی آئی کی حکومت نااہل ثابت ان کی خارجہ وداخلہ پالیسی ناکام ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلمان ایک جسم کے مانند ہیں کشمیر وملک دشمن قوتوں کا ایمان کی طاقت سے مقابلہ کریں گے، جماعت اسلامی کشمیر اشو کو عالمی سطح پر اٹھارہی ہے ۔05فروری کو پورے ملک میں کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی اور بھارتی ظلم کیخلاف احتجاجی مظاہرے وریلیاں ہونگی۔ اس موقع پر ضلعی امیر آغا عبدالفتاح پٹھان، غلام مصطفی میرانی،حفیظ اللہ گولو،عبدالجبار جکھرانی،حاجی محمد بلیدی ،ایڈوکیٹ عبداللہ بلوچ نے بھی خطاب کیا۔