شاہد خاقان عباسی اور مفتاح اسماعیل نے نئی پارٹی عوام پاکستان لانچ کر دی


لاہور(صباح نیوز) پاکستان مسلم لیگ(ن)کے سابق رہنماؤں شاہد خاقان عباسی اور مفتاح اسماعیل نے نئی سیاسی جماعت “عوام پاکستان”  لانچ کر دی۔ ذرائع کے مطابق مہینوں کی قیاس آرائیوں کے بعد ملک کے سیاسی افق پر “عوام پاکستان” کے نام سے نئی سیاسی جماعت نے جنم لیا ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ “عوام پاکستان” کے ایکس اکانٹ پر “عوام پاکستان: بدلیں گے نظام” کی ٹیگ لائن کے ساتھ ایک ویڈیو شیئر کی گئی جسے سابق لیگی رہنماؤں شاہد خاقان عباسی اور مفتاح اسماعیل نے ری پوسٹ کیا۔ ویڈیو میں مایوس عوام متعدد قومی مسائل جیسے مہنگائی، گیس اور بجلی کی قلت، بدعنوانی، بے روزگاری اور لڑکیوں کیلئے سکولوں کی کمی کے بارے میں سوالات کرتے نظر آئے۔

ذرائع کا دعوی ہے کہ شاہد خاقان عباسی، مفتاح اسماعیل اور پیپلز پارٹی کے سابق سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر 2022 اور 2023 میں پارٹی پالیسی سے اختلافات کے باعث اپنی جماعتوں کو چھوڑنے کے بعد سے اس منصوبے پر کام کر رہے تھے۔