اسلام آباد(صبا ح نیوز)بجٹ منظور کرانے کیلئے پیپلز پارٹی کو منانے کا مشن، وزیراعظم شہباز شریف اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کے درمیان ملاقات ہوئی ،چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف کو بجٹ میں تعاون کرنیکی یقین دہانی کرادی، ساتھ ہی وزیراعظم کو اپنے تحفظات سے آگاہ بھی کیا۔ملاقات کے لیے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی، خورشید شاہ، سینیٹر شیری رحمان، نوید قمر اور راجہ پرویز اشرف کے ہمراہ وزیر اعظم ہاوس پہنچے۔
بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پیپلز پارٹی کے وفد نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی، ملاقات کے دوران پاکستان پیپلز پارٹی نے اپنے مطالبات پر مشتمل فہرست وزیراعظم کو دی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بلاول بھٹو نے شکوہ کیا کہ حکومت کسی فیصلہ سازی میں ہمیں اعتماد میں نہیں لے رہی۔بلاول بھٹو نے کہا کہ سندھ کے مختلف منصوبوں میں وفاقی حکومت سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کر رہی۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے بلاول بھٹو کو تمام تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرادی۔ ملاقات میں ن لیگ کے رہنما اسحاق ڈار، وزیرخزانہ محمد اورنگزیب، رانا ثنا اللہ، احسن اقبال ،عطا تارڑ اور سعد رفیق بھی موجود تھے وفود کی سطح پر مذاکرات کے بعد پیپلز پارٹی کے وفد کے لیے عشائیے کا اہتمام کیا گیا۔