وزیراعظم شہباز شریف کا آذربائیجان کے صدر اور بحرین کے شاہ سے ٹیلی فونک رابطہ، عید مبارکباد کا تبادلہ کیا

لاہور(صباح نیوز)وزیراعظم محمد شہبازشریف کا آذربائیجان کے صدر الہام علی یوف اور بحرین کے شاہ حمد بن عیسی الخلیفہ کے درمیان اتوار کے روز ٹیلی فون پر بات  چیت ہوئی۔  رہنماؤں نے عید کی مبارکباد کا تبادلہ کیا اور اس پرمسرت موقع پر تینوں ممالک کے عوام کے لئے اپنی اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے امت مسلمہ کے اتحاد، امن اور خوشحالی کیلئے دعا کی۔

وزیراعظم ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہبازشریف کا آذربائیجان کے صدر الہام علی یوف کے درمیان  ٹیلی فون پر بات چیت کے دوران دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات بالخصوص تجارت، دفاع اور توانائی کے شعبے میں حالیہ پیش رفت کا جائزہ لیا۔ دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات کی مثبت رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ علاوہ ازیں دونوں رہنماؤں نے مشترکہ چیلنجوں بالخصوص موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کی حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا۔وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے رواں سال کے آخر میں باکو میں ہونے والی اقوام متحدہ کانفرنس آف پارٹیزکوپ 29 کی میزبانی پر صدر آذربائیجان کو مبارکباد پیش کی اور اس کانفرنس میں شرکت کی ذاتی دعوت دینے پر صدر علی یوف کا شکریہ ادا کیا۔

دونوں رہنماؤں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور آذربائیجان اقوام متحدہ، او آئی سی اور ای سی او سمیت کثیرالجہتی فورمز پر ایک دوسرے کی حمایت جاری رکھیں گے نیز دونوں رہنمائوں نے اس امر کو خصوصی طور پر سراہا کہ دونوں ممالک اپنے اپنے بنیادی مسائل پر ایک دوسرے کو مستقل اور مضبوط حمایت فراہم کرتے ہیں۔وزیراعظم نے صدر علییوف کو پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت دی جس پر صدر علی یوف نے کہا کہ وہ جلد پاکستان کا دورہ کریں گے،

علاوہ ازیں وزیراعظم محمد شہبازشریف اور بحرین کے شاہ حمد بن عیسی الخلیفہ نے  عید الاضحی کے موقع پر  ٹیلی فون پر بات چیت کی۔ دونوں رہنماؤں نے مشترکہ اقدار اور ثقافتی وابستگیوں پر استوار پاکستان اور بحرین کے درمیان مضبوط تاریخی تعلقات کو سراہا ۔وزیراعظم نے گزشتہ برسوں میں مختلف شعبوں میں پاکستان کے لئے بحرین کی حمایت اور تعاون کو سراہا۔ خاص طور پر، انہوں نے پاکستان کے لئے احترام اور نیک خواہشات پر  شاہ حمد بن عیسی الخلیفہ کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں رہنماوں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، اقتصادی تعاون کو بڑھانے اور علاقائی امن و سلامتی کو فروغ دینے کے لیے مل کر کام کرنے کے لیے دونوں ممالک کے عزم کا اعادہ کیا۔ 2014 میں شاہ حماد کے پاکستان کے تاریخی دورے کو یاد کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے  بحرین کے شاہ کو جلد از جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کے لیے اپنی دعوت کا اعادہ کیا۔  عید الاضحی کے موقع پر دونوں رہنماوں کے درمیان یہ ٹیلی فون کال پاکستان اور بحرین کے درمیان گرمجوشی اور دوستانہ تعلقات کی عکاسی کرتی ہے