عیدالاضحی کے موقع پر کشمیر سمیت عالم اسلام خصوصی طور اپنے مظلوم فلسطینیوں کو یاد رکھا جائے، محمد حسین محنتی


کراچی(صباح نیوز)  امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ عیدقربان سنت ابراہیمی ہے۔فرمایا گیا کہ نہ اْن کے گوشت اللہ کو پہنچتے ہیں نہ خون، مگر اْسے تمہارا تقویٰ پہنچتا ہے اْس نے ان کو تمہارے لیے اِس طرح مسخّر کیا ہے تاکہ اْس کی بخشی ہوئی ہدایت پر تم اْس کی تکبیر کرو اور اے نبی بشارت دے دے نیکو کار لوگوں کو،مطلب یہ کہ اللہ تعالیٰ کو جانوروں کا گوشت اور خون نہیں بلکہ بندے کا تقویٰ اوراپنے رب کے حکم پر ہر چیز قربان کرنے کا جذبہ مطلوب ہے۔

جانور کی قربانی کے ساتھ احکامات الاہی پر عمل درآمد کے لیے ہمیں اپنی انا ضد و ھٹ دھرمی کو بھی قربان کردینے کا جذبہ پیدا کرنا چاہیئے۔ عید کی خوشیوں میں غرباء مساکین اور اپنے رشتہ داروں کو بھی شامل کرکے اپنی خوشیوں کو دوبالا اور رب کی رضا حاصل کی جائے۔ ہمارے دین اسلام میں صفائی کو نصف ایمان کا درجہ حاصل ہے اس لیے سنت ابراہیمی ادا کرتے وقت انفرادی و اجتماعی طور پر صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھاجائے۔عید قربانی پر جاری اپنے پیغام میں صوبائی امیر نے مزید کہاکہ عید نماز کے موقع پر ملکی ترقی و سلامتی کے ساتھ اللہ تعالیٰ سے خصوصی دعا کی جائے کہ وطن عزیز کو نیک و صالح اور خودار قیادت نصیب فرمائے۔ موجودہ حکمرانوں کو ہدایت دے کہ وہ ملک کو آئی ایم ایف کی غلامی سے نکال کر ایک اللہ کی غلامی اور قرآن وسنت کے نظام کی طرف لائیں۔عیش عشرت کی زندگیاں ختم کرکے حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے نقش قدم پر چلتے ہوئے سادگی قناعت پسندی و میانہ روی کی زندگی اختیار کریں۔ عیدالاضحی کے موقع پر کشمیر سمیت عالم اسلام خصوصی طور اپنے مظلوم فلسطینیوں کو یاد رکھا جائے۔ جو نہ صرف اپنی و قبلہ اول کی آزادی بلکہ پورے عالم اسلام کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ صوبائی امیر نے اپیل کی کہ قربانی کی کھالیں الخدمت کو دیں۔ الخدمت  دیانت وامانت کے ساتھ بلاتریق خدمت کانام ہے۔